ممبئی: جعلی ملازمت کی پیشکش سے ہوجائیں ہوشیار!

ممبئی: (اردودنیا.اِن)کورونا وائرس کی وجہ سے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے دوران بہت سے افراد اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ آج بھی بہت سے نوجوان پچھلے 6 یا 7 ماہ سے بے روزگار ہیں۔ ایسی صورتحال میں وہ نوکری سے متعلق ویب سائٹ پر اپنا بائیوڈیٹا ڈال کر ملازمت حاصل کرنے کی امید کر رہے ہیں۔
سائبر مجرمین بڑی کمپنیوں میں نوکری کے نام پر دے رہے ہیں دھوکہ
لوگ سائبر مجرموں کی اس قسم کی ضرورت کا فائدہ اٹھا رہے ہیں اور بڑی کمپنیوں کے جھوٹے آفر لیٹر بنا کر اور نوکریوں کے نام پر دھوکہ دے کر لوگوں کوبیوقوف بنا رہے ہیں۔ ممبئی میں بھی ایسا ہی معاملہ سامنے آیا ہے جہاں گذشتہ 8 ماہ سے ملازمت کی تلاش کرنے والے ایک شخص کو سائبر مجرمین نے نشانہ بنایا ہے۔ممبئی کے چیمبر علاقے میں رہائش پذیر اور گذشتہ 8 ماہ سے بے روزگار ایوب سید نے بتایا کہ انہیں نوکری کولے کر بات کرتے ہوئے کوکا کولا کمپنی کا ای میل موصول ہوا ہے۔
اس نوجوان کو بتایا گیا تھا کہ اس کمپنی میں صرف چند افراد کو ملازمت دی جارہی ہے،جس میں اس کے نام کا بھی انتخاب کیا گیا ہے اور نوکری لینے سے قبل انہیں دہلی میں تربیت دی جائے گی، انھیں بتایا گیا تھا کہ انہیں مفت میں فلائٹ ٹکٹ اور ٹریننگ دی جائے گی،
لیکن انہیں بطور سیکیورٹی 8000 روپے ادا کرنا پڑے گا۔اس کے بعد سید نے بغیر کچھ سوچے سمجھے 8730 روپے اس کے اکاؤنٹ نمبر پر بھیجے۔
سید کو بتایا گیا ہے کہ 2 سے 3 دن میں وہ اپنے دئے گئے ایڈریس پر فلائٹ ٹکٹ حاصل کرلے گا،جس کے بعد انہیں فوری طور پر دہلی روانہ ہونا پڑے گا۔ دو تین دن گزرنے کے بعد بھی جب اسے فلائٹ کا ٹکٹ نہیں ملا تو اس نے دوبارہ اس شخص سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن اس نے فون اٹھانا بند کردیا،
جس کے بعد سید کو احساس ہوا کہ اس کے ساتھ دھوکہ دہی ہوئی ہے۔
ممبئی سائبر سیل کے ڈی سی پی ڈاکٹر ریشمی کرندیکر نے بتایا کہ یہ شکایت موصول ہونے پر ان کی ٹیم نے وہ اکاؤنٹ ’سیز‘ کردیا جس پر سید نے رقم بھجوا دی تھی اور وقت رہتے اس کی رقم کو بچالیاگیا۔



