دہلی:بوائے فرینڈ کے نابالغ بیٹےکا قتل، ملزمہ پوجا کا چونکا دینے والا انکشاف
دہلی کے اندرا پوری میں ایک معصوم کے قتل میں چونکا دینے والا انکشاف
نئی دہلی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)دہلی کے اندرا پوری میں ایک معصوم کے قتل میں چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ملزمہ پوجا، جو مفرور تھی، نے گرفتاری کے بعد اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کے سامنے بیان ریکارڈ کرایا ہے۔ پولیس نے 300 سی سی ٹی وی کیمروں اور 3 دن کی محنت کے بعد 11 سالہ معصوم کے قاتل کو گرفتار کر لیا۔ اندرا پوری علاقے میں ملزم پوجا نے 11 سالہ دیویانش عرف بٹو کا بے دردی سے گلا دبا کر قتل کردیا۔ قتل کے بعد معصوم کی نعش گھر کے بسترمیں چھپا دی گئی۔
ملزمہ پوجا کی گرفتاری کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس نے اپنے بوائے فرینڈ کی بے وفائی سے ناراض ہو کر اپنے معصوم بیٹے کو قتل کر دیا۔ 10 اگست کو پوجا نے اس واردات کو اس وقت انجام دیا جب معصوم دیویانش سو رہا تھا۔ بتا دیں کہ سال 2019 سے پوجا اور جتیندر لیو ان ریلیشن شپ میں تھے۔ جتیندر نے اپنی بیوی کو طلاق دینے کے بعد پوجا سے شادی کرنے کا وعدہ کیا تھا۔لیکن سال 2022 میں جتیندر نے پوجا کو چھوڑ دیا اور اپنی بیوی اور بیٹے دیویانش کے ساتھ رہنے لگے۔ پوجا اس بات کو لے کر جتیندر سے ناراض تھی، اور اسے سبق سکھانا چاہتی تھی۔ پوجا کو لگا کہ جتیندر نے اپنے بیٹے دیویانش کی وجہ سے اس سے شادی کرنے سے انکار کر دیا۔ جس کے بعد وہ دیویانش کو جتیندر اور اپنے درمیان کانٹا سمجھنے لگی۔
10 اگست کو پوجا نے ایک مشترکہ دوست سے اندرا پوری میں جتیندر کے گھر کا پتہ پوچھا۔ جب وہ وہاں پہنچی تو گھر کا دروازہ کھلا تھا، معصوم دیویانش بستر پر سو رہا تھا، گھر میں کوئی نہیں تھا، تب پوجا نے جتیندر اور اپنے درمیان کا کانٹا ہٹانے کے لیے معصوم کا قتل کر دیا۔ قتل کے بعد اس نے نعش کو بستر میں چھپا دیا اور بھاگ گئی۔
واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کی مدد سے پوجا کی شناخت کی۔ پوجا کا پتہ لگانے کے لیے، پولیس نے نجف گڑھ-ناگلوئی روڈ پر رنہولا، نہال وہار اور رشال گارڈن علاقوں میں لگ بھگ 300 سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کو اسکین کیا۔ 3 دن کی محنت کے بعد ملزمہ پوجا کو بکر والا علاقہ سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری کے بعد پوجا نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے



