بین الاقوامی خبریں

امریکی پولیس کا 98 سالہ خاتون کے گھر پر چھاپہ، کچھ دیر بعد ہوگئی موت

امریکہ میں پولیس افسروں نے ایک 98 سالہ اخبار کی خاتون پبلشر کے گھر پر چھاپہ مارا

نیویارک، 25اگست :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) امریکہ میں پولیس افسروں نے ایک 98 سالہ اخبار کی خاتون پبلشر کے گھر پر چھاپہ مارا اور اسی روز اس گھر سے معمر خاتون کی موت کی خبر آگئی۔ امریکہ میں کنساس میں پولیس نے 11 اگست کو ایک سرچ وارنٹ کی بنیاد پر معمر خاتون جان مائر کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ اس کارروائی کو بعد میں منسوخ کر دیا گیا۔بوڑھی خاتون کے گھر چھاپہ مارنے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔ اس چھاپہ مارنے کے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت کے بعد جان مائر کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوگئی۔ اس کے بیٹے ایرک نے کہا کہ چھاپے کے نتیجے میں پیدا ہونے والا تناؤ ماں کی موت کا باعث بن گیا۔سکیورٹی کیمرے میں ریکارڈ ویڈیو میں جان مائر کو گھومنے پھرنے میں مدد کے لیے ایک واکر کا استعمال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دوران پولیس اس کے گھر کی تلاشی لے رہی ہے۔

مقامی اخبارماریون کاؤنٹی ریکارڈکی خاتون پبلشر کو افسروں کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ میرے گھر سے نکل جاؤ، میں تمہیں اپنے گھر میں نہیں دیکھنا چاہتی۔ ان چیزوں میں سے کسی کو بھی ہاتھ مت لگاؤ۔ معمر خاتون نے مزید کہاکہ یہ تم کیا کر رہے ہو؟ یہ پرسنل پیپرز ہیں۔ یہاں سے دفع ہو جاؤ۔اخبار کے دفتر اور سٹی کونسل کے ایک رکن کے گھر پر بھی اسی دن چھاپہ مارا گیا جب ایک مقامی ریستوراں کے مالک نے دعویٰ کیا کہ ’’ماریون کاؤنٹی ریکارڈ‘‘ اخبار نے غیر قانونی طور پر اس کے بارے میں معلومات حاصل کی تھیں۔پبلک پراسیکیوٹر نے بعد میں کہا کہ گھر پر چھاپہ مارنے اس کی تلاشی لینے اور موبائل فونز اور کمپیوٹرز کو اٹھانے کے جواز کے لئے ناکافی شواہد موجود ہیں۔مقامی اخبار نے رپورٹ کیا کہ مائر حد سے زیادہ گھبراہٹ میں تھیں اور انہوں نے چھاپے کے بعد گھنٹوں صدمے اور غم میں گزارے اور اسی صدمے میں چل بسیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button