بھاجپارکن پارلیمنٹ کے ’انکشاف‘ سے کھلبلی بٹن کہیں بھی دباؤ، ووٹ کمل کو جائے گا، آئے گا تو مودی ہی!
کیا مرکز کی بی جے پی حکومت الیکشن جیتنے کے لیے ای وی ایم کو ہیک کرواتی ہے؟
حیدرآباد، 25اگست:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)کیا مرکز کی بی جے پی حکومت الیکشن جیتنے کے لیے ای وی ایم کو ہیک کرواتی ہے؟ کیا بی جے پی نے مختلف ریاستوں میں الیکشن جیتنے کے لیے ای وی ایم کو ہیک کیا؟ یہ سوال اب سختی سے پوچھا جا رہا ہے، کیونکہ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کمار نے ایک بیان( جسے انکشاف کہنا چاہیے)، دے کر کھلبلی مچا دی ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ کوئی بھی بٹن دبائیں ،لیکن ووٹ کمل کو ہی جائے گا۔ ان کے اس بیان سے اپوزیشن کے الزامات کو مزید تقویت ملی ہے۔ بی جے پی ایم پی ڈی اروند کمار کا بیان ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت ہے۔
۔ڈی اروند کمار نے اپنے حلقہ انتخاب نظام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اپنا ووٹ نوٹا کو دیں گے تو بھی میں ہی جیتوں گا۔ اگر آپ (بی آر ایس) کو ووٹ دیں تو بھی میں جیتوں گا۔اگر آپ ہاتھ (کانگریس) کو بھی ووٹ دیں گے ،تو بھی کمل (بی جے پی) ہی جیتے گا۔ جیتے گا، تو مودی ہی!بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کمار کے اس بیان سے سیاست گرم ہوگئی ہے۔ اپوزیشن بی جے پی سے سوال پوچھ رہی ہے کہ کیا بی جے پی نے ای وی ایم کو ہیک کرنے کا منصوبہ بنایا ہے؟ کیا بی جے پی نے الیکشن جیتنے کے لیے پہلے بھی ای وی ایم کو ہیک کیا تھا؟
بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے یہ بیان ایسے وقت دیا ہے جب اگلے سال تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ لوک سبھا کے انتخابات بھی اگلے سال ہونے والے ہیں۔ کئی سالوں سے اپوزیشن ای وی ایم کو ختم کرنے اور بیلٹ پیپر کے ذریعے انتخابات کرانے کا مسلسل مطالبہ کر رہی ہے۔



