جی 20 ڈنر: ممتا بنرجی اورنتیش مدعو، جانئے عشائیہ میں کون ہوگا شامل
سابق وزرائے اعظم منموہن سنگھ اور ایچ ڈی دیوے گوڑا کو بھی جی-20 سمٹ ڈنر میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا
نئی دہلی، 8ستمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)آج سے شروع جی20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے دنیا کے تمام اہم رہنمادہلی پہنچ گئے ہیں۔مرکزی وزراء، غیر ملکی نمائندوں، ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ ملک کے کچھ سابق سینئر لیڈر بھی جی-20 سمٹ کے عشائیہ میں شرکت کریں گے۔سابق وزرائے اعظم منموہن سنگھ اور ایچ ڈی دیوے گوڑا کو بھی جی-20 سمٹ ڈنر میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ وہیں دیو گوڑا نے صحت کی وجہ سے جی 20 میں شرکت سے معذوری ظاہر کی ہے۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جی-20 سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا ہے۔ اس کے لیے تمام کابینہ اور ریاستی وزراء کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ تمام وزرائے اعلیٰ کو بھی عشائیہ پر مدعو کیا گیا ہے۔مہمانوں کی فہرست میں تمام سیکرٹریز اور بڑے صنعتکاروں سمیت دیگر خصوصی مہمان شامل ہیں۔
کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے کو دعوت نامے نہیں بھیجے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کسی بھی سیاسی جماعت کے رہنما کو مدعو نہیں کیا گیا۔عشائیہ میں شرکت کے لیے اپوزیشن کے وزرائے اعلیٰ جیسے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ سٹالن، دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال، پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان وغیرہ کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی ہے۔ تمام مدعو مہمانوں کو ہفتے کی شام چھ بجے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کو کہا گیا۔ وہاں سے انہیں بھارت منڈپم اور واپس لے جانے کے لیے ٹرانسپورٹ کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
وی وی آئی پی کی نقل و حرکت اور ٹریفک کی پابندیوں کی وجہ سے ایسا کیا گیا ہے۔ سخت حفاظتی انتظامات کے باعث کسی بھی مدعو مہمان کا قافلہ بھارت منڈپ نہیں جائے گا۔ دہلی پولیس نے تمام کابینی وزراء، وزرائے مملکت، وزرائے اعلیٰ، سکریٹریوں اور دیگر معزز مہمانوں کو ان کی رہائش گاہوں سے پارلیمنٹ ہاؤس لانے کا سفر نامہ طے کیا ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن، برطانوی وزیر اعظم رشی سنک، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں ہونے والے جی-20 سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے اہم رہنماؤں میں شامل ہیں۔وہیں چینی صدر اور روسی صدر جی -20کے اجلاس میں شرکت سے معذوری ظاہر کی ہے ، ان کی ان کے نمائندگان موجود ہوں گے ۔



