سپریم کورٹ کی خاتون وکیل کی نعش باتھ روم سے برآمد، شوہر فرار
گھر کے باتھ روم سے مشتبہ حالات میں ملی۔
نوئیڈا، 11ستمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)سپریم کورٹ کی 61 سالہ خاتون وکیل رینو سنہا کی نعش اتوار کی شام نوئیڈا میں ان کے گھر کے باتھ روم سے مشتبہ حالات میں ملی۔ان کے سر پر چوٹ کے نشانات تھے۔ بھائی کی اطلاع پر پولیس نے دروازہ توڑ کر نعش کو نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔بھائی نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ رینو کو اس کے شوہر نے قتل کیا ہے۔ اس واقعے کے بعد سے شوہر نتن ناتھ سنہا مفرور ہے۔ بہار کے پٹنہ کی رہنے والی رینو اپنے شوہر کے ساتھ سیکٹر 30 میں رہتی تھی۔ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔
ان کا بیٹا امریکہ میں رہتا ہے۔ رینو دو دن سے اپنے بھائی کا فون نہیں اٹھا رہی تھی۔ اس کے بعد بھائی نے کوتوالی سیکٹر-20 پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس موقع پر پہنچی اور دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئی۔پولیس کی جانچ میں پتہ چلا کہ گھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں ڈی وی آر نہیں تھا۔شبہ ہے کہ واقعہ کے بعد نتن نے ڈی وی آر نکالا اور لے گئے۔ پولیس اب حویلی کے ارد گرد نصب کیمروں کی فوٹیج دیکھ رہی ہے۔



