قومی خبریں

ہنگامی حالات کے لئے موبائل فون صارفین کو ایمرجنسی الرٹ پیغامات

ملک بھر میں بہت سے موبائل صارفین کو حکومت کی طرف سے شدید ہنگامی الرٹ موصول ہوا۔

نئی دہلی، 15ستمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ) آج جمعہ کی صبح، ملک بھر میں بہت سے موبائل صارفین کو حکومت کی طرف سے شدید ہنگامی الرٹ موصول ہوا۔ یہ ملک کے نئے ایمرجنسی الرٹ سسٹم کے ٹیسٹ کا حصہ تھا، جسے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ ٹیسٹ پیغام کو ہندوستان بھر میں اسمارٹ فونز کے (رینڈم )بے ترتیب نمونوں پر بھیجا گیا تھا، اور اس کی وجہ سے صارفین کے فونز سے ایک زوردار بیپ نکلی اور ایک فلیش میسج ڈسپلے ہوا جس پر لکھا تھا کہ ایمرجنسی الرٹ: سرور‘‘۔این ڈی ایم اے اس ٹیسٹ کو الرٹ سسٹم کی تاثیر کا جائزہ لینے اور کسی بھی ممکنہ مسئلے کی نشاندہی کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ ٹیلی کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ نے آج ہندوستان میں مختلف ٹیلی کام آپریٹرز پر بہت سے موبائل صارفین کو ایک ٹیسٹ فلیش پیغام بھیجا ہے۔

یہ پیغام دوپہر12:00 سے 12:44 کے درمیان سیل براڈکاسٹنگ سسٹم کے ذریعے بھیجا گیا۔ پیغام نے وصول کنندگان کو آگاہ کیا کہ یہ ایک ٹیسٹ تھا اور کسی کاروائی کی ضرورت نہیں تھی۔ایمرجنسی الرٹ،پین انڈیا ایمرجنسی الرٹ سسٹم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ذریعے لاگو کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد عوامی تحفظ کو بڑھانا اور ہنگامی حالات کے دوران بروقت الرٹ فراہم کرنا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اسی طرح کا ایک فلیش میسج چند ہفتے قبل بہت سے صارفین کو بھیجا گیا تھا۔ محکمہ ٹیلی کمیونی کیشن سیل براڈکاسٹنگ سسٹم کے مطابق، وہ مزید مختلف علاقوں میں وقتاً فوقتاً اسی طرح کے ٹیسٹ کروانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

ان ٹیسٹوں کا مقصد موبائل آپریٹرز کی ہنگامی وارننگ نشریاتی صلاحیتوں اور سیل براڈکاسٹ سسٹم کی کارکردگی اور تاثیر کا جائزہ لینا ہے۔ اس سے قبل ٹیسٹ پر بحث کرتے ہوئے، سی ڈاٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر، راجکمار اپادھیائے نے مطلع کیا کہ سیل براڈکاسٹ کی ٹیکنالوجی فی الحال صرف ایک غیر ملکی وینڈر کے ذریعے دستیاب ہے۔ اس کے نتیجے میں، سی ڈاٹ اسے اندرونی طور پر تیار کرنے پر کام کر رہا ہے۔اپادھیائے نے کہاکہ سیل براڈکاسٹ ٹیکنالوجی ترقی کے مراحل میں ہے اور این ڈی ایم اے کے ذریعے آفات کے دوران موبائل فون کی اسکرینوں پر براہ راست الرٹ بھیجنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ فی الحال اس کی جیو اوربی ایس این ایل نیٹ ورکس پر جانچ جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیل براڈکاسٹ پیغامات کے مختلف ورژن ہیں جنہیں ٹیلی کام نیٹ ورک کے ذریعے پھیلانے کے لیے تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button