دسترخوانسرورق

رسوئی،تندوری پکوان اور آپ کا دستر خوان- عرشی دلدارؔ بنگلور

بکرے کے ران اچھی طرح صاف کرلیں

تندوری مسلّم ران

اجزاء: بکرے کی ران ایک عدد، نمک کالی مرچ حسبِ ضرورت، باربی کیو سوس حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: بکرے کے ران اچھی طرح صاف کرلیں۔ پھر ایک روسٹنگ پین میں اس ران کو نمک، کالی مرچ لگا کر رکھیں اور اچھی طرح سوس بھی لگادیں۔ ایک گھنٹے کے لئے فریج میں رکھ کر میرینیٹ کرلیں۔ اب اوون کو 375 ڈگری فارن ہائیٹ (190 ڈگری سینٹی گریڈ) پر گرم کرلیں۔ پھر فریج سے روسٹنگ پین نکال کر اوون میں رکھ دیں اور تیل ڈال کر 45 منٹ کے لیے پکائیں اب باربی کیو گرلز کو درمیانی آ گ پر گرم کریں۔ ہر گرل پر تیل لگاکر ایک ایک ران سیٹ کریں۔پھر بیس منٹ کے لیے پکائیں۔ تقریباً سات سے آٹھ بار تیل لگا کر روسٹ کریں۔

ران کو ہر طرف سے اچھی طرح براؤن کرلیں اور یہ بھی چیک کریں کہ وہ گل گئی ہے۔ پھر تندوری ران کو اپنے ذائقے کے مطابق سیزن کرلیں۔ ٹماٹر، دھنیے، پیاز، فرنچ فرائز یا ابلے ہوئے آلوؤں کے ساتھ پیش کرسکتے ہیں۔ لیجیے ذائقے دار تندوری ران تیار ہے۔

تندوری بیف

اجزاء: بیف اسٹیک چار عدد بڑے قتلے، آم کی چٹنی تین چوتھائی کپ، لہسن ایک کچلا ہوا، لیموں چار عدد، دہی تین چوتھائی کپ، تندوری مسالہ ایک چوتھائی کپ۔ نمک ایک کھانے کا چمچ، گرم مسالہ ایک کھانے کا چمچ (پسا ہوا)، لال مرچ تین کھانے کے چمچ (پسی ہوئی)، اورنج ریڈ کلر آدھا چائے کا چمچ، دھنیا تین کھانے کے چمچ (بھنا اور پسا ہوا)، سونف دو کھانے کے چمچ (بھنی اور پسی ہوئی)، سفید زیرہ دو کھانے کے چمچ (ثابت اور بھنا ہوا)۔

ترکیب: ایک برتن میں بیف اور تندوری مسالہ مکس کرلیں۔ تمام مسالہ بیف پر لگادیں۔پھر ڈھک کر کم ازکم تین گھنٹے یاایک رات کے لئے رکھ دیں۔بیف کو گرم تیل لگی باربی کیو گرل پر براؤن ہونے تک پکائیں۔اسی طرح لیموں کے ٹکڑوں کو براؤن کریں۔لذیذ تندوری بیف تیار ہے۔ اس کو گرلڈ لیموں،آم کی چٹنی اور رائتے کے ساتھ پیش کریں۔

لبنانی تندوری مچھلی

اجزاء: رہو یا سرمئی مچھلی سوا سے ڈیڑھ کلو کا ٹکڑا، سرخ ثابت مرچ آٹھ عدد، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، ہری مرچ پسی ہوئی چھ عدد، نمک دو بڑے چمچ، لہسن پسا ہوا دو چائے کے چمچ، پسا ہوا دھنیا آدھا چائے کا چمچ، ادرک پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، لیموں کا عرق دو عدد۔

ترکیب: مچھلی کے ٹکڑے کو صاف کرکے اور نمک لگا کر ایک پیالے یا پلاسٹک کے تھیلے میں ڈال کر فریج میں تقریباً چھ گھنٹے کیلئے رکھ دیں پھر سرکہ اور پانی سے دھولیں۔ گرائنڈر میں لہسن، ثابت سرخ مرچ، پسا دھنیا، پسی ہلدی، ادرک، ہری مرچ اور لیموں کا عرق ملا کر پیس لیں اورمچھلی پر اچھی طرح مل دیں اور چار گھنٹے کیلئے رکھ دیں پھر فوائل میں لپیٹ کر تقریباًپندرہ منٹ کیلئے پہلے سے گرم اوون میں رکھیں یا تندور میں پکائیں۔15منٹ کے بعد کھول کر دیکھیں اگر مچھلی گل گئی ہو تو ٹھیک ہے ورنہ مزید تھوڑی دیر تندور میں رکھیں۔ آلو بخارے کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

تندوری چرغہ

اجزاء: چکن ایک کلو (ثابت)، دہی آدھا کپ (پانی نکلا ہوا)، نمک ایک چائے کا چمچ، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ، سرکہ دو کھانے کے چمچ، ادرک لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، تیل ایک چوتھائی کپ، تندوری مسالہ تین کھانے کے چمچ (ثابت)۔

تندوری مسالہ کیلئے: نمک ایک کھانے کا چمچ، گرم مسالہ ایک کھانے کا چمچ (پسا ہوا)، لال مرچ تین کھانے کے چمچ (پسی ہوئی)، اورنج ریڈ کلر آدھا چائے کا چمچ، دھنیا تین کھانے کے چمچ (بھنا اور پسا ہوا)، سونف دو کھانے کے چمچ (بھنی اور پسی ہوئی)، سفید زیرہ دو کھانے کے چمچ (ثابت اور بھنا ہوا)۔

ترکیب: تندوری مسالہ کے لیے بلینڈر میں نمک، گرم مسالہ، لال مرچ، اورنج ریڈ کلر، دھنیا، سونف اور سفید زیرہ ڈال کر باریک پیس لیں اور بوتل میں بھر کر استعمال کریں۔ چرغہ کے لیے چکن پر کٹ لگا دیں۔ پھر ایک پیالے میں دہی، تیار کیا ہوا تندوری مسالہ، نمک، لیموں کا رس، سرکہ، ادرک لہسن کا پیسٹ اور تیل ڈال کر مکس کرلیں۔ اب چکن کو اس مکسچر میں دو گھنٹے کے لیے میری نیٹ کر لیں۔ پھر اسے تندور یا اوون میں رکھ کر ہلکی آگ پر چکن کے گلنے تک پکالیں۔ لیجیے تندوری چرغہ پیش کرنے کیلئے تیار ہے۔

تندوری تکہ

اجزاء: گوشت کی بوٹیاں ایک کلو، پیاز آدھا کلو، تیل حسبِ ضرورت، دہی آدھا کلو، کچا پپیتا آدھا کلو، لہسن ادرک کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، زیرہ دو کھانے کے چمچ، تِل دو کھانے کے چمچ، خشخاش دو کھانے کے چمچ، چنے دو سو گرام (بُھنے اور پسے ہوئے)، نمک حسبِ ضرورت۔

ترکیب: پیاز اور تمام مسالوں کو تھوڑے تیل میں تل کر نکال لیں اور پپیتے کے ساتھ سِل پر پیس لیں۔ اس مرکب میں چنے، پسی ہوئی ادرک لہسن، نمک اور دہی ملا کر خوب اچھی طرح گوندھ لیں۔ یہ مرکب گوشت کی بوٹیوں پر اچھی طرح ملیں اور انہیں کم ازکم تین گھنٹے اسی حالت میں پڑا رہنے دیں۔ انہیں کسی تھالی میں پھیلا کر اوون، بھٹی یا تندور میں رکھیں اور کوئی تھال اس کے اوپر رکھ دیں۔ کچھ دیر بعد اس برتن کو اُٹھا کر تکوں کی حالت کا اندازہ لگائیے۔ اگر سُرخی آگئی ہوتو تندور سے نکال لیجئے اور گرم گرم روٹی یا پراٹھوں کے ساتھ پیش کریں۔

پیاز کے کرسپی رنگ پکوڑے

اجزاء: اگر آپ پکوڑوں کی تمام ورائٹی بنا چکی ہیں تو آج پیاز کے کرسپی رنگ پکوڑے بنائیے اور سب کا دل جیت لیں۔

ترکیب:

٭ پیاز کو گول دائروں کی شکل میں موٹا موٹا کاٹ لیں۔

٭ اس کو دھو کر خشک کرلیں اور اس پر نمک چھڑک کر چھوڑ دیں۔

٭ پیالے میں بیسن، کورن فلور، پانی، ہلدی، لال مرچ پاؤڈر، بریڈ کرمز، مکھن، کالی مرچ پاؤڈر اور تھوڑا سا بیکنگ پاؤڈر ڈال کر مکس کرلیں۔

٭ پین میں آئل گرم کریں اور پیاز کا ایک ایک رنگ بیسن میں ڈپ کر کے فرائی کرلیں۔

٭ تیار ہیں آپ کے کرسپی رنگ پکوڑے سروونگ کے لئے۔

٭ بنانے کے بعد ان کو ٹشو پیپر پر رکھ دیں تاکہ آئل نکل جائے۔٭ ان کو کیچپ یا چٹنی کے ساتھ پیش کیجیے۔

کرسپی آلو قیمہ رول بنائیں

اجزاء: آدھا کلو آلو، آدھا کپ میدہ، دو کپ چکن قیمہ، دو کٹی ہوئی پیاز، ایک چوتھائی کپ ہرا دھنیا، ہری مرچ تین عدد، ایک چمچ نمک، دو عدد انڈے، دو چمچ مکھن، چار چمچ کوکنگ آئل، ڈبل روٹی کے ٹکڑے (بریڈ کرمز)۔

ترکیب: سب سے پہلے میدہ، آلو، مکھن، نمک اور ہرا دھنیا ملا کر گوندھ لیں۔پیاز کو بھونیں اور اس میں ہری مرچیں، چکن قیمہ اور حسب ذائقہ نمک ڈال کر تھوڑی دیر تک پکائیں۔ بنائے گئے پیسٹ کو گوندھے ہوئے آٹے میں ڈالیں اور رول بنالیں۔ تیار رول کو پھینٹے ہوئے انڈے میں ڈبوئیں اور بریڈ کرمز کے ساتھ ملادیں بعد ازاں انہیں ہلکا فرائی کرلیں۔لیجئے خستہ خستہ چکن رول تیار ہیں اپنے دستر خوان کی شان بڑھائیں اور گھر والوں کو کھلائیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button