بین الاقوامی خبریںسرورق

مسئلہ فلسطین کا حل اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے میں اہم ہوگا : بن سلمان

ایران نے ایٹمی ہتھیار بنائے تو سعودی عرب بھی ایسا ہی کرے گا: محمد بن سلمان

 ریاض ، 21ستمبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ اگر ایران نے جوہری ہتھیار حاصل کیے تو سعودی عرب بھی ایسا ہی کرے گا تاکہ خطے میں طاقت کا توازن برقرار رہے۔امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو ایک انٹرویو میں محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب کو کسی بھی ملک کے جوہری ہتھیاروں کے حصول پر خدشات ہیں۔ اگر ایران جوہری ہتھیار بنائے گا تو سعودی عرب کو بھی ایسا ہی کرنا پڑے گا۔ایٹمی ہتھیاروں کی ہلاکت خیزی کا ذکر کرتے ہوئے محمد سلمان نے کہا کہ دنیا ایک اور ہیروشیما نہیں دیکھ سکتی۔ اگر کوئی جوہری ہتھیار استعمال کرے گا تو پوری دنیا اس ملک کے خلاف ہو گی۔سعودی ولی عہد کا یہ مکمل انٹرویو انگریزی زبان میں تھا۔عمومی طور پر وہ انٹرویو دینے سے گریز کرتے ہیں۔

مسئلہ فلسطین کا حل اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پرلانے میں اہم ہوگا

اسرائیل سے تعلقات کی بحالی سے متعلق سوال پر محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے مذاکرات کا مطلب تعلقات کی بحالی جانب بڑھنے کے امکانات کے قریب ہونا ہے۔ البتہ اس میں سب سے اہم ترین معاملہ فلسطینیوں سے روا رکھے جانے والا سلوک ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل سے تعلقات کی بحال کے بدلے امریکہ سعودی عرب کے ساتھ ایک دفاعی معاہدہ کرے گا جس کے تحت واشنگٹن ڈی سی ریاض کی سویلین جوہری پروگرام کے قیام میں معاونت کرے گا۔سعودی حکام یہ کہتے رہے ہیں کہ کوئی بھی معاہدہ اس وقت ممکن ہوگا جب ایک علیحدہ فلسطینی ریاست کے قیام کی بڑی پیش رفت ہوگی۔البتہ اس وقت اسرائیل میں اپنی تاریخ کی سب سے زیادہ قدامت پسند اور قوم پرست اتحادی حکومت کے لیے یہ ایک مشکل امرہے۔

امریکہ نشریاتی ادارے ’فاکس نیوز‘ کو دیے گئے انٹرویو میں محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے لیے فلسطینیوں کا معاملہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ اسرائیل سے ہونے والے مذاکرات میں اب تک ہونے والی پیشرفت کافی مثبت رہی ہے۔ان کے بقول انہیں امید ہے کہ یہ مذاکرات اس جانب بڑھیں گے جہاں فلسطینیوں کی زندگی آسان ہوگی جب کہ اسرائیل مشرقِ وسطیٰ میں ایک اہم کردار حاصل کر سکے گا۔انہوں نے ان اطلاعات کی تردید کی اسرائیل سے مذاکرات ملتوی ہو چکے ہیں۔خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق محمد بن سلمان کا یہ انٹرویو ’فاکس نیوز‘ پر امریکہ کے صدر جو بائیڈن اور اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کی اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات کے فوری بعد نشر کیا گیا ہے-انہوں نے وزیرِ اعظم نیتن یاہو پر زور دیا کہ وہ مغربی کنارے میں حالات بہتر کرنے کے لیے اقدامات کریں جہاں حالیہ ہفتوں میں پر تشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button