اویسی کا راہل کو چیلنج، وائناڈ کے بجائے حیدرآباد سے انتخاب لڑ کر دیکھائیں
اویسی نے اتوار کو کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو لوک سبھا انتخابات میں وایناڈ سے نہیں بلکہ حیدرآباد سے انتخاب لڑنے کا چیلنج دیا
حیدرآباد،25ستمبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) لوک سبھا انتخاب 2024 کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں ہوا ہے لیکن ملک میں سیاسی گرما گرمی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات کے دور کے درمیان، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اور حیدرآباد سے رکن پارلیمان اسد الدین اویسی نے اتوار کو کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو لوک سبھا انتخابات میں وایناڈ سے نہیں بلکہ حیدرآباد سے انتخاب لڑنے کا چیلنج دیا ہے۔اسد الدین اویسی اپنے پارلیمانی حلقہ حیدرآباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کے متنازعہ ڈھانچے کو سب سے پرانی پارٹی کے دور حکومت میں منہدم کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کے رہنما (راہل گاندھی) کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ وائناڈ سے نہیں بلکہ حیدرآباد سے الیکشن لڑیں، آپ بڑے بڑے بیان دیتے رہیں، میدان میں آئیں اور میرے خلاف لڑیں۔
کانگریس والے بہت کچھ کہیں گے، لیکن میں تیار ہوں۔تلنگانہ میں اگلے سال کے اوائل میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ اگلے سال ملک میں لوک سبھا کے انتخابات بھی ہونے والے ہیں۔ ایسے میں کانگریس اور اے آئی ایم آئی ایم آمنے سامنے نظر آرہے ہیں۔ دونوں جماعتوں نے الیکشن کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اس ماہ کے شروع میں راہل گاندھی نے تلنگانہ کے ٹکو گوڈا میں وجئے بھیری میٹنگ میں کہا تھا کہ تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی، بھارت راشٹرا سمیتی اور اے آئی ایم آئی ایم متحد ہو کر کام کر رہے ہیں اور ان کی پارٹی ان تینوں کے خلاف لڑ رہی ہے۔



