راگھوچڈھا اور پرینیتی چوپڑا کی شادی کے اخراجات پر اٹھنے لگے سوال
آپ لیڈر راگھو چڈھا کی شادی پر ہونے والے اخراجات کو لے کر سوال اٹھ رہے ہیں۔
ممبئی، 26ستمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) آپ لیڈر راگھو چڈھا Raghav Chadha کی شادی پر ہونے والے اخراجات کو لے کر سوال اٹھ رہے ہیں۔ راگھو چڈھا کو ان کی شادی پر مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ اپوزیشن لیڈر ان کی شادی کے اخراجات کے بارے میں بھی سوال پوچھ رہے ہیں۔ دریں اثناء بالی ووڈ اداکار اور فلمی نقاد کمال رشید خان نے بھی راگھو چڈھا کی آمدنی کے بارے میں ٹوئٹ کیا ہے۔کمال خان نے ٹویٹ کر کے لکھا کہ الیکشن لڑتے ہوئے راگھو چڈھا نے کہا تھا کہ ان کی کل مالیت 50 سے 70 لاکھ روپے ہے۔ اتنے غریب لیڈر نے اپنی شادی پر کروڑوں روپے کیسے خرچ کیے؟واضح ہوکہ بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور سیاستدان راگھو چڈھا کی شادی گزشتہ روز ادے پور میں ہوئی جس میں نامور سیاستدانوں سمیت کئی اداکاروں نے شرکت کی۔ اب اداکارہ اور راگھو چڈھا نے مشترکہ طور پر فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تقریب کی خوبصورت تصاویر شیئر کیں۔ پرینیتی نے شادی پر گولڈ اور آف وائٹ رنگ کے عروسی جوڑے کا انتخاب کیا جب کہ دلہا آف وائٹ رنگ کی شیروانی میں دکھائی دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پرینیتی کا جوڑا معروف سلیبریٹی ڈیزائنر منیش ملہوترا نے تیار کیا جو خود بھی شادی میں دکھائی دیے۔ پوسٹ کے کیپشن میں تحریر کیا گیا کہ ناشتے کی میز پر پہلی ہی گپ شپ سے ہمارے دلوں کو معلوم ہو گیا تھا، ہم ایک طویل عرصے سے اس دن کا انتظار کر رہے تھے۔اس سے قبل پرینیتی اور راگھو کی کچھ تصاویر سامنے آئی تھیں جن سے متعلق دعویٰ تھا کہ یہ جوڑے کے ریسیپشن کی تصویریں ہیں جن میں اداکارہ نے گلابی رنگ کی ساڑھی جب کہ راگھو نے سیاہ پینٹ کوٹ پہنا تھا۔



