اسرائیل کی دھمکی: غزہ کی پٹی کبھی پہلے جیسی حالت پر واپس نہیں آئے گی
غزہ کی سرحد کے قریب آبادی سے 100 اسرائیلیوں کی نعشیں ملیں: صہیونی تنظیم
مقبوضہ بیت المقدس، 11اکتوبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)ٹائمز آف اسرائیل اخبار نے اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلانٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوج غزہ کی پٹی پر ایک کثیر جہتی جامع حملہ کرنے کے لیے آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کے تناظر میں غزہ کی پٹی کبھی پہلے جیسی حالت کی جانب نہیں لوٹے گی۔گیلانٹ نے غزہ کی پٹی کے ساتھ سرحد پر اپنی افواج سے کہا کہ میں نے تمام پابندیاں ختم کر دی ہیں، ہم نے علاقے پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ اب ہم مکمل حملے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے فوجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ یہاں حقیقت کو بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ حماس غزہ میں تبدیلی چاہتی تھی اور وہ جو چاہتی تھی، اب اسے اس سے 180 ڈگری پر رجوع کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ حماس اس لمحے پر افسوس کرے گی کہ غزہ دوبارہ کبھی ویسا نہیں ہوگا جیسا پہلے تھا۔
غزہ کی سرحد کے قریب آبادی سے 100 اسرائیلیوں کی نعشیں ملیں: صہیونی تنظیم
ایک اسرائیلی تنظیم کو غزہ کی پٹی کی سرحد کے قریب ایک آبادی کے مرکز سے 100 نعشیں ملی ہیں۔ یہ افراد ہفتہ کے روز حماس کی کارروائی کے دوران مارے گئے تھے۔ تنظیم‘‘ زاکا‘‘ کے ترجمان موتی بوکگن نے کہا کہ بیری کمیونٹی میں 100 سے زیادہ نعشیں پڑی تھیں۔ انہوں نے سب کو گولی مار کر ہلاک کیا تھا۔یہ اموات ان سینکڑوں اسرائیلی ہلاکتوں میں شامل ہیں جو حماس کے آپریشن کے دوران ہوئی ہیں۔ دریں اثنا اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ اس کی سرزمین پر خاص طور پر غزہ کی سرحدوں کے قریب سے حماس کے 1500 افراد کی نعشیں ملی ہیں۔



