بین ریاستی خبریںقومی خبریں

دو صفحات کے خط میں شرد پوار کا ذکر ندارد،اجیت پوار نے خود پارٹی کا صدر قرار دیا

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے اندر پھوٹ پر الیکشن کمیشن کی سماعت کے درمیان باغی دھڑے کے سربراہ اجیت پوار نے خود کو این سی پی کا قومی صدر قرار دیا

ممبئی، 11اکتوبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے اندر پھوٹ پر الیکشن کمیشن کی سماعت کے درمیان باغی دھڑے کے سربراہ اجیت پوار نے خود کو این سی پی کا قومی صدر قرار دیا اور ایکناتھ شندے حکومت میں شامل ہونے کے اپنے اقدام کا دفاع کیا۔اجیت پوار نے 2 جولائی کو این سی پی کے آٹھ دیگر ارکان اسمبلی کے ساتھ شیو سینا- بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت میں شامل ہونے کے بعد مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا تھا۔ انہوں نے منگل کو نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر 100 دن کی مدت پوری کر لی۔اجیت پوار نے کہا کہ انہوں نے مہاراشٹر کے پہلے وزیر اعلیٰ آنجہانی یشونت راؤ چوہان سے تحریک حاصل کی ہے۔ تاہم انہوں نے اپنے چچا اور این سی پی کے بانی شرد پوار کے نام کا ذکر نہیں کیا۔ انہوں نے یشونت راؤ چوہان کی وراثت کا بھی دعویٰ کیا اور کہا کہ ریاست کے پہلے وزیر اعلیٰ انہیں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

شرد پوار (82) یشونت راؤ چوہان کو اپنا سیاسی گرو قرار دیتے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر حکومت سماج کے تمام طبقات کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ این سی پی اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے۔ خود کو این سی پی کا قومی صدر بتاتے ہوئے اجیت پوار نے ایک بیان میں کہا کہ روزگار، سماج کے تمام طبقات کو معاشی طور پر بااختیار بنانا، تعلیم، صحت اور تمام فلاحی اسکیموں کو نافذ کرنا ریاستی حکومت کی ترجیح ہے۔الیکشن کمیشن نے پیر کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے نام اور انتخابی نشان پر اجیت پوار کی قیادت والے دھڑے کے دعوؤں کی سماعت کی، تاہم پارٹی کے شرد پوار کی قیادت دھڑے نے دلیل دی کہ والے ان کے حریف کیمپ کی طرف سے جمع کرائے گئے دستاویزات میں تضادات ہیں۔

کمیشن نے پارٹی کے نام اور انتخابی نشان سے متعلق دعووں کے سلسلے میں شرد پوار اور اجیت پوار کی قیادت والے کیمپوں کے دلائل سننے کے لیے 9 نومبر کو اگلی تاریخ مقرر کی۔اجیت پوار نے پارٹی کے نام اور انتخابی نشان کا دعویٰ کرتے ہوئے کمیشن سے رجوع کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مہاراشٹر میں این سی پی کے 53 ارکان اسمبلی میں سے 42، قانون ساز کونسل کے 9 ارکان میں سے 6، ناگالینڈ کے تمام 7 ارکان اسمبلی اور راجیہ سبھا اور لوک سبھا میں ایک ایک رکن کی حمایت حاصل ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button