بین الاقوامی خبریں

اسرائیل اپنے جرائم پر اسلامی دنیا کے سخت انتقام سے خبردار رہے: ایرانی صدر

ایران کا اسلامی ممالک سے اسرائیل پر پابندیاں لگانے کا مطالبہ

تہران،19اکتوبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے غزہ کے اسپتال میں ہونے والے دھماکے کے جواب میں اسرائیل کو اسلامی دنیا کی طرف سے سخت انتقام سے خبردار کیا ہے۔ غزہ میں ایک اسپتال کے کمپلیکس پر راکٹ گرنے کے بعد فلسطین اور غزہ میں ہونے والے جرائم کا عالم اسلام کی طرف سے سخت انتقام سے خبردار کیا، جس میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے۔وسطی تہران میں ہزاروں افراد کے مظاہرے کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا اسپتال پر حملے کے ساتھ ہی صیہونی حکومت کا خاتمہ شروع ہو جائے گا۔فلسطینیوں کے خون کا ہر قطرہ صیہونی حکومت کو اپنے زوال کے ایک قدم اور قریب لے جا رہا ہے۔ ابراہیم رئیسی نے کہا کہ امریکہ اسرائیل کے جرائم میں اس کا ساتھی ہے۔ دنیا کے لوگ امریکہ کو صیہونی حکومت کے جرائم کا ساتھی سمجھتے ہیں۔غزہ میں صحت کے حکام کے مطابق الاھلی عرب اسپتال میں دھماکہ سے 471 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ 7 اکتوبر سے شروع لڑائی میں 12 روز کے دوران لگ بھگ 3500 فلسطینی شہید اور 1400 اسرائیلی جہنم رسید ہوچکے ہیں۔

ایران کا اسلامی ممالک سے اسرائیل پر پابندیاں لگانے کا مطالبہ

تہران،19اکتوبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک اسرائیل پر تیل کی پابندی اور دیگر پابندیاں عائد کریں۔برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق حسین امیرعبداللہیان نے تمام رکن ممالک سے اسرائیلی سفیروں کو ملک بدر کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔غزہ کے ایک اسپتال میں گذشتہ روز منگل کو دیر گئے اسرائیلی فضائی حملے میں فلسطینیوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے بعد سعودی عرب کے شہر جدہ میں او آئی سی کا ہنگامی اجلاس ہو رہا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حسین امیرعبداللہیان نے اسلامی ممالک کی طرف سے اسرائیلی سفیروں کو ملک بدر کرنے کے علاوہ تیل کی پابندیوں سمیت اسرائیل پر فوری اور مکمل پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے غزہ میں اسرائیل کے ممکنہ جنگی جرائم کی دستاویز کے لیے اسلامی وکلاء کی ایک ٹیم تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ ایران کے اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔غزہ کے اسپتال پر منگل کو ہونے والے فضائی حملے سے پہلے فلسطین کے صحت حکام نے کہا تھا کہ اسرائیل کی گیارہ روزہ بمباری کے باعث کم از کم 3500 شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔حملوں کا یہ سلسلہ حماس کی طرف سے جنوبی اسرائیل پر7 اکتوبر کو ہونے والی ہنگامہ آرائی کے بعد شروع ہوا تھا جس میں 1300 افراد ہلاک اور غزہ میں 200 کے قریب یرغمال بنائے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button