بین الاقوامی خبریںسرورق

امریکی جنگی جہاز نے یمن سے فائرشدہ تین میزائیلوں کو روک دیا

اسرائیلی وزیر دفاع نے فوجیوں سے فلسطینی علاقے پر کسی زمینی کارروائی کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا ہے

دبئی،20اکتوبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں اور اسرائیلی وزیر دفاع نے فوجیوں سے فلسطینی علاقے پر کسی زمینی کارروائی کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا ہے اگرچہ انہوں نے یہ نہیں کہا کہ وہ کارروائی کب شروع ہو گی۔خبر رساں کے مطابق اس کے بعد غزہ کیدس لاکھ سے زیادہ فلسطینی، یعنی لگ بھگ نصف آبادی شمالی غزہ اور غزہ شہر میں اپنے گھرو ں سے فرار ہو چکی ہے. انہیں اسرائیل نے حماس کے خلاف کارروائی کے لیے انخلا کے لیے کہا تھا۔جمعرات کی صبح پورے علاقے پر فضائی حملے جاری رہے جن میں جنوب کا وہ علاقہ شامل تھا جسے اسرائیل نے ’’سیف زون‘‘قرار دیا ہوا ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے امریکی صدر جو بائیڈن کی درخواست کے بعد بدھ کو کہا تھا کہ مصر کے راستے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی جانے والی محدود امداد کو غزہ جانے کی اجازت دی جائے گی۔

حماس کی زیر انتظام وزارت صحت نے جمعرات کو کہا کہ اب تک 3785 فلسطینی ہلاک اور لگ بھگ 12500 زخمی ہو چکے ہیں۔اسرائیل کی پولیس اور سرحدی گارڈ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل بارڈر پولیس کا ایک افسر شمالی مغربی کنارے میں ایک پناہ گزین کیمپ پر ایک فوجی حملے کے دوران ہلاک ہو گیا ہے۔فلسطینی سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے نور شمس کیمپ پر دن بھر کے حملے کے دوران کم از کم سات فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا اور ایمبولینسوں کو زخمیوں کو لے جانے سے روکا۔امریکی عہدے داروں نے جمعرات کو کہا کہ امریکی بحریہ کے ایک جنگی بحری جہاز نے یمن سے شمال کی طرف فائر کیے جانے والے تین میزائلوں کو انٹر سیپٹ کیا۔

عہدے داروں نے کہا ہے کہ یو ایس ایس کارنی، ایک نیوی ڈیسٹرائر اس وقت بحیرہ احمر میں تھا اور اس نے تین میزائلو ں کو انٹر سیپٹ کیا۔ فوری طور پر یہ تعین نہیں ہوا کہ آیا انہیں اسرائیل پر فائر کیا گیا تھا۔ ایک عہدے دار نے کہا کہ امریکہ کا یہ خیال نہیں ہے کہ میزائلوں کو ان کے بحری جہاز پر فائر کیا گیا تھا۔حماس کے فوجی ونگ نے کہا ہے کہ اس کے ارکان نے جمعرات کو جنوبی لبنان سے شمالی اسرائیل پر 30 راکٹ داغے جن میں سے زیادہ تر نہاریہ اور شولمی قصبوں پر داغے گئے۔القسام بریگیڈ کا یہ بیان اس کے بعد سامنے آیا جب لبنان کے حزب اللہ گروپ نے کہا کہ اس نے اسرائیلی فوج کے کئی ٹھکانوں سرحد کے ساتھ واقع ایک قصبے کبوتز پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔جنوبی لبنان میں ایسو سی ایٹڈ پریس کے ایک صحافی نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے لبنان کے سرحدی علاقے پر بھی گولہ باری کی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button