اسرائیل نے پہلی بار ایرو میزائل ڈیفنس سسٹم کو جنگ میں لانچ کر دیا
ایرو ایئر ڈیفنس سسٹم کتنا طاقتور ہے؟
حیفہ :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ ختم نہیں ہو رہی۔ آئے روز جنگ سے متعلق دردناک خبریں منظر عام پر آتی ہیں۔ایسی کئی ویڈیوز وائرل ہوتی رہتی ہیں جنہیں دیکھ کر عام آدمی کا دل کانپ جاتا ہے۔ اب اسرائیلی فوج نے بحیرہ احمر کے علاقے میں اپنا ایرو ایئر ڈیفنس سسٹم Arrow defence system لانچ کر دیا ہے۔ اس سسٹم کی مدد سے فوج نے ایک میزائل کو بھی تباہ کیا ہے۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اسے صحیح جگہ پر رکھا گیا ہے، تاکہ یہ دشمن کی طرف سے آنے والے میزائل کو مار گرائے۔
ایرو ایئر ڈیفنس سسٹم کتنا طاقتور ہے؟
ایرو ایئر ڈیفنس سسٹم ایک میزائل ڈیفنس سسٹم ہے۔ اس نظام نے اسرائیل پر داغے گئے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کو تباہ کر دیا ہے۔ ایرو سسٹم کو 200 کلومیٹر (120 میل) سے زیادہ رینج والے مختصر اور درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔ اس نظام کا مقصد فوجی طیاروں یا توپ خانے کے راکٹوں کو روکنا نہیں ہے۔
ایرو-3 میزائل ڈیفنس سسٹم کا کامیاب تجربہ جنوری 2022 میں ہوا تھا۔ یہ نظام جوہری، کیمیائی، بائیو یا کوئی اور ہتھیار لے جانے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ فضا سے باہر دیگر بیلسٹک میزائلوں کو بھی مار گرائے گا۔



