بھاجپالیڈر کی سرکاری ہیلی کاپٹر میں بیوی کے ساتھ ’ ویڈنگ فوٹو شوٹ ‘، ملازم معطل

رائے پور: (اردودنیا.اِن)چھتیس گڑھ میں بی جے پی قائدین کی انتظامیہ کے ساتھ سیٹنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ بی جے پی کے ایک رہنما نے نئی شادی شدہ بیوی کے ساتھ رائے پور پولیس لائن کے ہینگر میں کھڑے ہوکر ایک سرکاری ہیلی کاپٹر میں فوٹوشوٹ کرایا ۔
فوٹ شوٹ کی تصاویر سامنے آنے کے بعد انتظامیہ سخت برہم ہے،

محکمہ ہوا بازی نے چیف پائلٹ کیپٹن پنکج جیسوال کی سربراہی میں ایک تین رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے ، وہیں محکمہ ہوا بازی کے ایک ملازم کو معطل کردیا گیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ جش پور کے بی جے پی رہنما سنکٹ سائی کی کچھ دن پہلے ہی شادی ہوئی۔ سنکٹ سائی اتوار کے روز بیوی کے ساتھ پولیس لائن ہینگر پہنچے اور سرکاری ہیلی کاپٹر میں شادی کی تصویر شوٹ کروائی ۔
حکام کے مطابق محکمہ ہوا بازی کا ڈرائیور یوگیشور سائی ان دونوں کے ساتھ ہینگر گیا تھا۔ اسی نے صرف ہینگر ہی کھلوایا تھا، فوٹو شوٹ کافی دیر تک چلتا رہا ، لیکن کسی بھی ذمہ دار افسر نے اس پر توجہ دینا ضروری نہیں سمجھا۔
فوٹو منظر عام پر آنے کے بعد اب ہیلی کاپٹر کی سکیورٹی کے ذمہ دار محکمہ ہوا بازی اور پولیس محکمہ میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔کانگریس کے ریاستی سکریٹری اور ترجمان وکاس تیواری نے محکمہ ہوا بازی کو ایک تحریری شکایت کی ہے۔ اس کے بعد محکمہ ہوا بازی کے ڈائریکٹر نے کیپٹن پنکج جیسوال کی سربراہی میں تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کو سات دن میں اپنی رپورٹ پیش کرنا ہے۔



