قومی خبریں

الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کے عطیات کی تفصیلات پیش کرے : عدالت ِ عظمیٰ

وکیل نے کہا کہ ان کے پاس صرف سیل بند لفافہ ہے جو 2019 میں جمع کرایا گیا تھا۔

نئی دہلی ، یکم نومبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ انتخابی بانڈز کے ذریعے سیاسی جماعتوں کو ملنے والے عطیات کی تفصیلات رکھنے کا کام 2019 کے آخری حکم کے مطابق جاری رکھنا چاہیے۔چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی صدارت والی پانچ رکنی آئینی بنچ نے کہا کہ عطیات کی تفصیلات رکھنے کے لیے کوئی وقت کی حد نہیں ہے۔وہ مناسب وقت پر اسے دیکھے گی۔ بنچ نے الیکشن کمیشن کے وکیل امت شرما سے پوچھا کہ کیا ان کے پاس عبوری حکم کے مطابق جمع کردہ ڈیٹا کی تفصیلات ہیں۔ وکیل نے کہا کہ ان کے پاس صرف سیل بند لفافہ ہے جو 2019 میں جمع کرایا گیا تھا۔

جسٹس چندر چوڑ، جسٹس سنجیو کھنہ، جسٹس بی آر گوائی، جسٹس جے بی پارڈی والا اور جسٹس منوج مشرا کی بنچ نے وکیل سے کہا کہ وہ اپنے پاس عطیات کی تفصیلات رکھیں۔یہ عدالت مناسب وقت پر اسے دیکھے گی۔ وکیل صفائی نے کہا کہ اس کا تعلق 2019 کے انتخابات سے ہے۔ عدالت عظمیٰ نے اس سے متعلق ایک عبوری حکم نامہ جاری کیا تھا۔ ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز کی نمائندگی کرنے والے وکیل پرشانت بھوشن نے کہا کہ یہ ایک مستقل عبوری حکم ہے۔سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عبوری حکم جاری رہے گا۔ آئینی بنچ نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے کہا کہ یہ صرف 2019 کے انتخابات تک محدود نہیں ہے۔ آپ کو ڈیٹا اکٹھا کرنے کا کام جاری رکھنا چاہیے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button