

سرینگر: (اردودنیا.اِن)جموں وکشمیرکی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کوپیرکومتفقہ طور پر تین سالہ مدت کے لیے پی ڈی پی صدر منتخب کیاگیا۔پارٹی کے ایک ترجمان نے انتخاب کے بعد بتایاہے کہ مفتی کا نام سینئر رہنما غلام نبی لون ہنجورانے تجویزکیا تھا اور اسے خورشید عالم نے منظورکیاہے۔
انہوں نے کہاہے کہ پی ڈی پی کے سینئر رہنما عبدالرحمن ویری پارٹی الیکشن بورڈکے چیئرمین تھے۔ترجمان نے کہاہے کہ جموں میں پارٹی کے انتخابی لیڈروں نے متفقہ طور پر پارٹی سربراہ کو دوبارہ منتخب کیا۔سینئر رہنما سریندر چودھری انتخابات کے پریذائیڈنگ آفیسرتھے۔
قابل ذکر ہے کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) 1998 میں مفتی محمد سید نے نیشنل کانفرنس کے ایک علاقائی متبادل کے طور پر تشکیل دی تھی۔گذشتہ دو دہائیوں میں متعدد تجربہ کار رہنماؤں کے پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد پارٹی کو تقویت ملی ، حالانکہ یہ جون 2018 میں جموں و کشمیر میں پی ڈی پی-بی جے پی مخلوط حکومت کے خاتمے کے بعد تقسیم کی راہ پر گامزن تھی۔



