حیدرآباد میں آؤ اور میرا مقابلہ کرو، اسد الدین اویسی کا راہل گاندھی کو چیلنج
اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو نشانہ بنایا ہے۔
حیدرآباد ، 3نومبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے لیے تمام سیاسی پارٹیاں تیار ہو چکی ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس تلنگانہ میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔ دوسری طرف اے آئی ایم آئی ایم کی بھی ریاست میں اچھی گرفت ہے۔ ایسے میں دونوں طرف سے بیانات سے سیاسی جنگ جاری ہے۔اسدالدین اویسی نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو بی جے پی کی بی ٹیم بتانے کے بیان پر اعتراض کیا اور کہا کہ سب جانتے ہیں کہ راہل گاندھی کس ٹیم سے تعلق رکھتے ہیں۔ تلنگانہ اسمبلی کے لیے ووٹنگ 30 نومبر کو مقرر ہے اور نتائج 3 نومبر کو معلوم ہوں گے۔
اسد الدین اویسی نے ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو حیدرآباد آکر ان سے مقابلہ کرنے کا چیلنج دیا۔ اسد الدین اویسی نے کہا کہ 28 نومبر تک آپ صرف ایک ہی بات سنیں گے، مودی آئیں گے اور کہیں گے کہ اسٹیئرنگ ان کے ہاتھ میں ہے، راہل آکر کہیں گے کہ اویسی بی جے پی کی بی ٹیم ہے۔ کوئی بی ٹیم نہیں ہے، اگر آپ بی ٹیم کہتے ہیں تو آپ کا تعلق کس ٹیم سے ہے، میں آپ کو بتاؤں؟ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں، راہل گاندھی، حیدرآباد آئیں اور مجھ سے مقابلہ کریں۔اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نے راہل گاندھی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں آکر مقابلہ کریں۔ اویسی نے کہا کہ اگر میں ٹیم ہوں تو آپ کیا ہیں؟ میں آپ (راہل گاندھی) کو چیلنج کرتا ہوں کہ آپ بھی آئیں اور اپنی ٹیم آر ایس ایس کو لے آئیں اور جمہوری طریقے سے میرے ساتھ مقابلہ کریں۔



