امریکہ: بیوی کو چاقو کے 17 وار کرکے گاڑی سے کچلنے والے شہری کو عمر قید
امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں ایک شہری کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے
نیویارک، 7نومبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں ایک شہری کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے جس نے اپنی بیوی کو سفاکانہ طریقے سے قتل کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 2020 میں ایک اسپتال کے پارکنگ ایریا میں پیش آیا تھا جہاں اس شخص کی بیوی بطور نرس کام کرتی تھیں’دی سن سینٹینیل‘ اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ فلپ میتھیو Philip Mathew نے جمعے کو اپنی بیوی میرن جوئی کے فرسٹ ڈگری قتل کے الزام کا کوئی نھی دفاع نہ کرنے کی درخواست کی جو کہ اس رشتے سے فرار کی منصوبہ بندی کر رہی تھی۔رپورٹ کے مطابق اس درخواست کے بعد وہ مجرم موت کی سزا کے امکان سے بچ گیا ہے۔26 سالہ میرن جوئی ایک ہسپتال میں نرس کے طور پر کام کرتی تھیں۔ سنہ 2020 میں ان کے شوہر گلپ میتھیو نے ان پر چاقو کے 17 وار کیے۔پولیس کے مطابق شوہر نے میرن جوئی کو گاڑی میں بند کر کے اس پر چاقو کے وار کیے اور بعد انہیں نیچے گرا کر ان کے جسم پر گاڑی بھی چڑھا دی تھی۔
میرن جوئی Merin Joy کے ساتھی کارکنوں میں سے ایک نے بعد میں بتایا کہ میتھیو نے جوئی پر گاڑی ایسے چلائی جیسے وہ کسی سڑک کا سپیڈ بریکر ہوں۔ جب وہاں جوئی کے دیگر ساتھی جمع ہوئے تو وہ چیخ رہی تھی کہ میرا ایک بچہ بھی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ میرن جوئی نے اپنی موت سے قبل خود پر حملہ کرنے والے کی شناخت ظاہر کر دی تھی۔ریاستی اٹارنی کے دفتر کی ترجمان پاؤلا میک موہن نے کہا کہ سزائے موت کو معاف کرنے کا فیصلہ عمر قید کے یقینی ہونے کی وجہ سے کیا گیا تھا اور کیونکہ مدعا علیہ اپیل کے اپنے حق سے دستبردار ہو رہا تھا۔جوئی کا خاندان اس گہرے نقصان سے غمزدہ ہے۔تاہم جوئی کے ایک کزن جوبی فلپ کا کہنا ہے کہ جوئی کی ماں اس بات پر کسی حد تک مطمئن ہیں کہ اب ان کی بیٹی کا قاتل عمر بھر جیل میں رہے گا۔ قانونی کارروائی کی تکمیل کے بارے میں جان کر وہ اب پرسکون ہیں۔



