سرورققومی خبریں

علی گڑھ: دو نوجوان یوپی اے ٹی ایس کی گرفت میں آئی ایس آئی ایس اور القاعدہ سے مبینہ طور پر وابستگی کا الزام

آئی ایس آئی ایس سے وابستگی کے الزام میں عبداللہ ارسلان اور معاذ بن طارق کو حراست میں لیا

علی گڑھ، 7نومبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) یوپی اے ٹی ایس نے علی گڑھ سے مبینہ طور پر آئی ایس آئی ایس سے وابستگی کے الزام میں عبداللہ ارسلان اور معاذ بن طارق کو حراست میں لیا ہے۔ دونوں پرمبینہ طور پر شدت پسندانہ نظریات سے متاثر ہو کر انٹرنیٹ میڈیا کے ذریعہ آئی ایس آئی ایس کے دہشت گرد نیٹ ورک میں شمولیت اختیار کرنے کا اور آئی ایس آئی میں شمولیت کیلئے حلف اٹھانے کابھی الزام ہے۔اے ٹی ایس حکام کے دعویٰ کے مطابق دونوں ملزمین دھماکہ خیز مواد اور بم بنانے کا دیگر سامان جمع کر رہے تھے۔اے ٹی ایس کے دعویٰ کے مطابق وہ ریاست میں دہشت گردی کی ایک بڑی واردات کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، واقعہ کی منصوبہ بندی کہاں کی گئی اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔اے ٹی ایس ان سے جڑے کچھ دوسرے ملزمین کی بھی تلاش کر رہی ہے۔اے ڈی جی اے ٹی ایس موہت اگروال نے کہا کہ عبداللہ اور طارق شدت پسندانہ نظریات سے متاثر تھے ،اور انٹرنیٹ میڈیا کے ذریعے آئی ایس کے دہشت گردوں سے جڑے ہوئے تھے۔

طارق علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں بی کام کا طالب علم ہے اور ارسلان نے پیٹرو کیمیکل سے بی ٹیک کیا ہے۔ وہ اے ایم یو کے طالب علم بھی رہے ہیں۔ ان دونوں سے پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ان جیسے دیگر نوجوانوں کو شامل کر کے جہاد کا ماڈیول تیار کیا جا رہا ہے۔ان حقائق کی چھان بین کے بعد اے ٹی ایس نے 3 نومبر کو لکھنؤ کے اپنے تھانے میں غیر قانونی سرگرمیاں ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت رپورٹ درج کی تھی۔ مکمل جانچ کے بعد اے ٹی ایس نے اتوار کو عبداللہ ارسلان اور معاذ بن طارق کو علی گڑھ کے مختلف مقامات سے حراست میں لیا، اے ٹی ایس نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ملزمان کے قبضے سے مبینہ طور پر آئی ایس آئی کے لٹریچر سے بھری پین ڈرائیوبرآمد ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button