ہندوستانی بحریہ کے سابق افسران کو سزائے موت کے خلاف ہندوستان کی اپیل
ارندم باگچی نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دی
نئی دہلی ، 9نومبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) مرکزی حکومت نے مشرق وسطیٰ کے ملک قطر میں ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق افسران کو سنائی گئی سزائے موت کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔ 26 اکتوبر کو قطری عدالت نے بحریہ کے 8 سابق افسران کو سزائے موت سنائی تھی۔ قطر نے ان تمام پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کا الزام لگایا تھا۔قطر کی انٹیلی جنس ایجنسی کے اسٹیٹ سیکیورٹی بیورو نے 30 اگست 2022 کو ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق افسران کو گرفتار کیا تھا۔ تاہم ستمبر کے وسط میں ان کی گرفتاری کے بارے میں ہندوستانی سفارت خانے کو سب سے پہلے مطلع کیا گیا تھا۔ قطر کی جیل میں بند ہندوستانیوں کی رہائی پر باگچی نے کہا کہ فیصلہ دینے والی عدالت کا فیصلہ خفیہ ہے۔ فیصلے کی رپورٹ قانونی ٹیم کو دے دی گئی ہے۔
ہم نے اپیل دائر کی ہے۔ ہم قطر کے سفارت خانے سے رابطے میں ہیں۔ ہمیں ایک اور قونصلر رسائی مل گئی ہے۔ ہم ان سب کے اہل خانہ سے بھی رابطے میں ہیں۔ ہم انہیں ہر طرح کی مدد فراہم کریں گے۔ یہ ایک حساس معاملہ ہے۔ اس میں کوئی قیاس نہیں ہونا چاہیے۔قطر میں جن 8 سابق بحریہ افسران کو موت کی سزا سنائی گئی ہے ان میں کیپٹن نوتیج سنگھ گل، کیپٹن سوربھ وشیشتھا، کیپٹن بیرندر کمار ورما، کمانڈر پورنیندو تیواری، کمانڈر سوگناکر پکالا، کمانڈر سنجیو گپتا، کمانڈر امیت ناگپال اور سیلر راگیش شامل ہیں۔یہ تمام افراد قطر میں دہراء گلوبل ٹیکنالوجی اینڈ کنسلٹنسی نامی نجی کمپنی میں کام کرتے تھے،یہ کمپنی دفاعی خدمات فراہم کرتی ہے۔عمان فضائیہ کے ریٹائرڈ سکواڈرن لیڈر خمیس العجمی اس کے سربراہ ہیں۔ اسے بھی 8 بھارتی شہریوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا، لیکن نومبر میں رہا کر دیا گیا تھا۔



