جرائم و حادثاتسرورق

دہلی میں فرضی ڈاکٹروں پر سرجری کرنے کا الزام، چار گرفتار

اصغر علی کی موت کے بعد میڈیکل کونسل اس معاملے کی تحقیقات کر رہی تھی۔

نئی دہلی، 16نومبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) دہلی پولیس نے ایک ایسے گینگ کا پردہ فاش کیا ہے جس کے لوگ خود کو ڈاکٹر ظاہر کر کے لوگوں کی سرجری انجام دیتے تھے۔ پولیس نے اس گینگ کے لیے کام کرنے والے چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کی شناخت ڈاکٹر نیرج اگروال، اس کی بیوی پوجا اور سرجن ڈاکٹر جس پریت سنگھ کے طور پر کی ہے۔ پولیس کی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ یہ لوگ گریٹر کیلاش علاقے میں اگروال میڈیکل سینٹر کے نام سے نرسنگ ہوم چلا رہے تھے۔پولیس کی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان نے 2022 میں گال بلیڈر کے علاج کیلئے داخل مریض اصغر علی کی سرجری کی تھی۔ ابتدائی طور پر مریض کو بتایا گیا کہ یہ سرجری سرجن ڈاکٹر جسپریت کریں گے لیکن آپریشن سے ٹھیک پہلے ڈاکٹر نیرج کی بیوی پوجا اور مہندر نامی شخص جو کہ پیشے سے ٹیکنیشن تھا، نے سرجری انجام دی۔سرجری کے بعد مریض اصغر علی کی موت واقع ہو گئی۔

اصغر علی کی موت کے بعد میڈیکل کونسل اس معاملے کی تحقیقات کر رہی تھی۔ اصغر علی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے نرسنگ ہوم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نیرج، ان کی اہلیہ پوجا، سرجن ڈاکٹر جس پریت سنگھ اور لیب ٹیکنیشن مہیندر کو گرفتار کر لیا۔پولیس کی اب تک کی پوچھ گچھ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس معاملے میں سرجن ڈاکٹر جس پریت سنگھ نے جعلی دستاویزات بھی تیار کی تھیں۔ اور ملی بھگت سے یہ آپریشن فرضی ڈاکٹر پوجا اور سابق لیب ٹیکنیشن مہیندر نے کیا۔ سرجری کے دن مریض کے اہل خانہ کو بتایا گیا کہ پوجا اور لیب ٹیکنیشن بھی ڈاکٹر ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس نرسنگ ہوم میں یہ لوگ خود کو سرجن ظاہر کر کے کئی مریضوں کے آپریشن کر چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button