دہلی این سی آر کی فضا مزید زہریلی، طاق و جفت کا ہوسکتا ہے اطلاق
دہلی کی ہوا پہلے سے زیادہ زہریلی ہو گئی ہے
نئی دہلی، 17نومبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)دہلی کی ہوا پہلے سے زیادہ زہریلی ہو گئی ہے۔ جمعہ کو جو اے کیو آئی اعداد و شمار سامنے آئے وہ باشندگان دہلی کے لیے خوفناک ہیں۔اب دہلی کی ہوا کا معیار شدید زمرے کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ ایسے میں دہلی میں آڈ ایون لاگو کیا جا سکتا ہے۔شہر کا اے کیو آئی جمعہ کی صبح 7 بجے 437 تھا ،جبکہ جمعرات کو صبح 4 بجے کے قریب یہ 419 تھا۔ دہلی کا 24 گھنٹے کا اوسط اے کیو آئی جو روزانہ شام 4 بجے ریکارڈ کیا جاتا ہے بدھ کو 401 منگل کو 397 پیر کو 358 اتوار کو 218 ہفتہ کو 220 اور جمعہ کو 279 تھا۔گزشتہ ہفتے بارش کی وجہ سے دہلی کی ہوا تھوڑی صاف ہو گئی تھی، لیکن اس کے بعد کے دنوں میں دیوالی کی رات آتش بازی اور پڑوسی ریاستوں میں پرالی جلانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے فضائی آلودگی کی سطح بڑھ گئی۔ فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث موسم بھی متاثر ہوا۔
دہلی-این سی آر میں دھند چھائی ہوئی ہے۔ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ غازی آباد میں اے کیو آئی 374، گروگرام میں 404، گریٹر نوئیڈا میں 313، نوئیڈا میں 366 اور فرید آباد میں 415 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس ہفتے کے شروع میں گوپال رائے نے کہا تھا کہ اگر اے کیو آئی 450 سے تجاوز کر جاتا ہے تو طاق-جفت کا منصوبہ لاگو کیا جا سکتا ہے۔ یہ منصوبہ 2016 سے اب تک چار بار لاگو کیا جا چکا ہے۔ یہ منصوبہ آخری بار 2019 میں نافذ کیا گیا تھا۔ دہلی-این سی آر کی ہوا کے معیار میں بہتری کے بعد حکومت نے گزشتہ ہفتے جمعہ کو اس منصوبے پر پابندی لگا دی تھی۔



