قومی خبریں

کینیڈا کے شہریوں کیلئے ہندوستان کی ای ویزا خدمات شروع

ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان سفارتی کشیدگی کافی بڑھ گئی تھی

نئی دہلی،22نومبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) خالصتانی دہشت گرد ہردیپ سنگھ نجر کی کینیڈا میں ہلاکت کے بعد ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان سفارتی کشیدگی کافی بڑھ گئی تھی۔جس کے بعد انڈیا نے کینیڈا کے شہرہوں کے لیے ای ویزا سروس معطل کر دی تھی لیکن سفارتی تنازعہ کے درمیان دو ماہ کے وقفے کے بعد، ہندوستان نے کینیڈا والوں کے لیے ای ویزا خدمات دوبارہ شروع کر دی ہیں، یہ معلومات ذرائع کے حوالے سے سامنے آئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ہندوستان نے تقریباً دو ماہ کے وقفے کے بعد کینیڈا کے شہریوں کے لیے الیکٹرانک ویزا خدمات دوبارہ شروع کر دی ہیں۔ سفارتی تنازعہ کے درمیان 21 ستمبر کو ویزا سروسز معطل کر دی گئی تھیں۔ دراصل، کینیڈا نے الزام لگایا تھا کہ جون میں کینیڈا میں خالصتانی دہشت گرد ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ہندوستانی حکومت کے ایجنٹ ملوث تھے۔ تاہم ہندوستانی حکومت نے نجر کے قتل میں کسی بھی کردار کی سختی سے تردید کی، ان الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیا اور اپنے دعوؤں کی حمایت کے لیے ثبوت پیش کرنے کی کوشش کی۔

ٹروڈو کے بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے ہندوستان نے کینیڈا کے سینئر سفارت کاروں کو 5 دن کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ تب کینیڈا نے اپنے شہریوں کو ہندوستان کے بعض حصوں کا دورہ نہ کرنے کی ایڈوائزری جاری کی تھی۔جس کے جواب میں ہندوستان نے بھی کینیڈا کے لیے ایسی ہی ایڈوائزری جاری کی تھی۔ جس کے بعد بھارت نے کینیڈا میں موجود انڈیاکے ویزا ایپلی کیشن سینٹر کی خدمات معطل کر دی تھیں۔وزارت خارجہ نے کینیڈا سے کہا تھا کہ وہ ہندوستان میں اپنی سفارتی موجودگی کو کم کرے۔ہندوستانی معاملات میں کینیڈا کے سفارت کاروں کی مداخلت کا حوالہ دیتے ہوئے وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ کینیڈا ویزا دینے میں امتیازی سلوک کرتا ہے۔ویزا سروس بند کرنے کا مقصد کینیڈین شہریوں کو ہندوستان آنے سے روکنا نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button