دہلی-این سی آر کے لوگوں پر مہنگائی کا اضافی بوجھ، سی این جی کی قیمت میں اضافہ
اب ایک بار پھر دہلی-این سی آر میں اس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے
نئی دہلی،23نومبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) دہلی اور این سی آر میں لوگوں پر جمعرات کی صبح اس وقت مہنگائی کا حملہ ہوا جب یہاں سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق سی این جی کی قیمت میں ایک روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد دہلی میں سی این جی کی قیمت 74.59 روپے فی کلو سے بڑھ کر 75.59 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ نوئیڈا-گریٹر نوئیڈا، غازی آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی اسی شرح سے قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔سی این جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج یعنی 23 نومبر 2023 سے ہو گیا ہے۔ دہلی کے علاوہ گوتم بدھ نگر، نوئیڈا میں سی این جی کی قیمت 80.20 روپے فی کلو سے بڑھ کر 81.20 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ جبکہ گریٹر نوئیڈا میں یہ 79.20 روپے سے بڑھ کر 80.20 روپے میں دستیاب ہوگی۔ دہلی سے متصل غازی آباد کی بات کریں تو یہاں بھی اس کی قیمت اب 79.20 روپے کے بجائے 80.20 روپے فی کیلو ہو گئی ہے اور یہی شرح ہاپوڑ میں بھی ہوگی۔
ریواڑی میں سی این جی کی قیمت اب تک 82.20 روپے فی کلو گرام تھی، جو بڑھ کر 81.20 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔اندرا پرستھ گیس لمیٹڈ یعنی آئی جی ایل نے جمعرات کو دہلی-این سی آر میں سی این جی کی قیمتوں میں تبدیلی کے بارے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کر کے معلومات کا اشتراک کیا ہے۔ اس میں کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سی این جی کی قیمتوں کا اطلاق 23 نومبر 2023 کی صبح 6 بجے سے ہو گیا ہے۔اس سے قبل اندرا پرستھ گیس لمیٹڈ نے اگست کے مہینے میں بھی سی این جی کی قیمت میں اضافہ کیا تھا اور 23 اگست 2023 سے اس کی قیمتوں میں ایک روپے فی کلو اضافہ کیا گیا تھا۔
اب ایک بار پھر دہلی-این سی آر میں اس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس وقت راجدھانی دہلی کے علاوہ نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، غازی آباد، ریواڑی اور ہاپوڑ میں بھی سی این سی کی قیمت بڑھائی گئی تھی۔یہ سال 2023 میں سی این جی کی قیمتوں میں لگاتار دوسرا اضافہ ہے، تاہم آئی جی ایل نے جولائی کے مہینے میں اس کی قیمتوں میں بھی کمی کی تھی۔ دراصل مرکزی حکومت نے جولائی میں سی این جی کی قیمت کے تعین کے معیارات میں تبدیلی کی تھی۔



