ٹی وی صحافی سومیا وشواناتھن قتل کیس مجرموں کی سزا پر فیصلہ محفوظ، ساکیت عدالت آج سنائے گی سزا
دہلی کی خاتون ٹی وی صحافی سومیا وشواناتھن کے قتل کیس کی سماعت آج (24 نومبر) کو ساکیت عدالت میں ہوئی
نئی دہلی،24نومبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) دہلی کی خاتون ٹی وی صحافی سومیا وشواناتھن کے قتل کیس کی سماعت آج (24 نومبر) کو ساکیت عدالت میں ہوئی۔ ساکیت عدالت نے مجرموں کو سزا سنانے کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ عدالت مجرموں کی سزا کا اعلان آج بروز ہفتہ (25 نومبر) دوپہر 2:30 بجے کرے گی۔یہ رپورٹ ڈی ایل ایس اے اور جیل اتھارٹی نے ساکیت کورٹ میں پیش کی ہے۔ تقریباً 15 سال کے طویل عرصے کے بعد عدالت نے اس معاملے میں پانچوں لوگوں کو مجرم قرار دیا تھا۔ ان میں سے چار افراد روی کپور، امیت شکلا، بلجیت سنگھ ملک، اجے کمار کو عدالت نے قتل کا مجرم قرار دیا تھا۔
اس کے ساتھ ہی نچلی عدالت نے اجے سیٹھی کو قتل کا مجرم نہیں مانا تھا۔ عدالت نے اجے سیٹھی کو تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 411 کے تحت مجرم قرار دیا تھا۔آپ کو بتا دیں کہ ٹی وی صحافی سومیا وشواناتھن کو 30 ستمبر 2008 کو دہلی کے نیلسن منڈیلا مارگ پر قتل کر دیا گیا تھا۔ اس وقت سومیا رنائٹ شفٹ کرکے آفس سے گھر لوٹ رہی تھی۔ پولیس کو سومیا کی نعش اس کی کار میں ملی۔ اس قتل کی اہم بات یہ ہے کہ پولیس کو اس کا پردہ فاش کرنے میں تقریباً 6 ماہ لگے۔پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے قتل کی وجہ ڈکیتی تھی۔ پانچ افراد – روی کپور، امیت شکلا، بلجیت ملک، اجے کمار اور اجے سیٹھی – کو قتل کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا اور مارچ 2009 سے حراست میں ہیں۔ پولیس نے ملزمان پر مکوکا لگا دیا تھا، ملک اور دو دیگر ملزمان روی کپور اور امیت شکلا کو 2009 میں آئی ٹی پروفیشنل جگیشا گھوش کے قتل میں مجرم قرار دیا گیا ہے۔



