غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں،فلسطینی دھڑوں کی مستقل جنگ بندی کی اپیل
فلسطینی دھڑوں نے مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا
رملہ ،29نومبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)غزہ کی پٹی کے شمال اور جنوب میں کئی علاقوں میں اسرائیل اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان عارضی جنگ بندی کے دوران ہونے والی خلاف ورزیوں کے جلو میں فلسطینی دھڑوں نے مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے غزہ پر وحشیانہ جنگ کو جامع انداز میں روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیلی افواج کی طرف سے عارضی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ثالثوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔فلسطینی دھڑوں نے قیدیوں کے معاہدے اور عارضی جنگ بندی میں مصری اور قطری کردار کو سراہا۔
انہوں نے مصر سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں جنگ کے دوران زخمی ہونیوالوں کو علاج کے لیے جانے کی اجازت دے۔رپورٹ کے مطابق فلسطینی دھڑوں کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ شہر کے مغرب میں اورغزہ کی پٹی کے شمال میں واقع الشاطی کیمپ اور الشیخ رضوان کے پڑوس میں فائرنگ کے واقعات کے بعد سامنے آیا ہے۔ خیال رہے کہ کل سوموار کو مصر اور قطر کی کوششوں سے غزہ میں جنگ بندی کی مدت میں دو دن کی توسیع کی گئی تھی۔جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں 68 اسرائیلی قیدیوں اور دوسرے ملکوں کے یرغمالیوں کو رہا کیا گیا جس کے بدلے میں اسرائیل نے 150 فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کیا گیا تھا۔



