بین الاقوامی خبریںسرورق

پُراسرار سائبر حملہ: اسرائیل میں ایمبولینس اور پولیس حکام سے رابطہ منقطع

اسرائیلی ایمبولینس، پولیس اور فائر سروسز کے ساتھ مواصلاتی رابطے منقطع ہو گئے۔

مقبوضہ بیت المقدس ،29نومبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) اسرائیل میں ہونے والے ایک اچانک اور پراسرار سائبر حملے کے نتیجے میں اسرائیلی ایمبولینس، پولیس اور فائر سروسز کے ساتھ مواصلاتی رابطے منقطع ہو گئے۔ دوسری طرف اسرائیلی حکام نے اس واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔منگل کو سائبر حملے کی روک تھام اور خرابی کو دور کیے جانے سے قبل پراسرار حملے کے ذریعے نشانہ بنائے گئے آلات نے رابطہ کرنے والوں کے لیے متبادل نمبر جاری کیے تھے۔

یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ اسرائیلی ایمرجنسی سروسز پر یہ خوفناک سائبر حملہ کس نے کیا۔ یروشلم پوسٹ اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس نے اطلاع دی ہے کہ ایمرجنسی لائنوں کی بندش کی وجہ معلوم نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خرابی کو درست کرنے کا کام جاری جاری ہے، جلد ہی تمام رکاوٹیں دور کر دی جائیں گی۔اسرائیلی پولیس اور ایمبولینس سروسز میں یہ خلل ایک ایسے وقت میں پڑا ہے جب دوسری طرف غزہ میں حماس اور اسرائیل کی جنگ جاری ہے۔ گذشتہ جمعہ کے روز اس جنگ میں چار دن کے لیے عبوری وقفہ ہوا تھا جس کے بعد اس میں مزید دو دن کی توسیع کی گئی ہے۔گذشتہ سات اکتوبر کو حماس کی طرف سے کیے گئے اچانک حملے کے بعد سے اسرائیل کی طرف سے غزہ پر شروع کی گئی خونریز جنگ اور پرتشدد حملوں کا آج 53واں دن ہے۔ غزہ میں جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں اور کسی بھی وقت اسرائیل اپنی فوجی کارروائی کا دوبارہ آغاز کر سکتا ہے۔حماس کے اسرائیل پر حملے میں تقریباً 1200 اسرائیلی ہلاک ہوئے جب کہ فلسطینیوں کی شہادتوں کی تعداد 15000 سے تجاوز کر گئی جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین تھیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button