
بھاجپا کو ملیں 101 میں سے 53 قبائلی سیٹیں
بی جے پی دیہی اور قبائلی نشستوں پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے
نئی دہلی، 4دسمبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)بی جے پی کو ایک عرصے سے شہری لوگوں کی پارٹی سمجھا جاتا تھا۔ تاہم اتوار کو انتخابی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی دیہی اور قبائلی نشستوں پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں قبائلی امیدواروں کے لیے 101 سیٹیں محفوظ ہیں۔ ان میں سے بی جے پی نے 53 اور کانگریس نے 43 پر کامیابی حاصل کی ہے۔پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس نے ذات پات کی مردم شماری کا مطالبہ اٹھایا اورجیتنا آبادی، اُتنا حق کا نعرہ دیا۔چار ریاستوں کے نتائج کا اعلان اتوار (3 دسمبر 2024) کو کیا گیا۔ بی جے پی نے تین ریاستوں (مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان) میں کامیابی حاصل کی ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس پہلی بار حکومت بنانے جا رہی ہے۔ ان تین ریاستوں میں جہاں بی جے پی نے کامیابی حاصل کی، او بی سی کی تعداد (حالانکہ او بی سی کا کوئی سرکاری ڈیٹا دستیاب نہیں ہے) کو فیصلہ کن سمجھا جاتا ہے۔ لیکن کانگریس کو ذات شماری کے مطالبے کا فائدہ نہیں ملا۔
اپنی تاریخ کے برعکس، کانگریس نے اسمبلی انتخابات کے دوران سماجی انصاف کی سیاست کرنے کی کوشش کی۔ خود کو دلتوں، قبائلیوں اور پسماندہ طبقات کا وکیل بتاتے ہوئے اس نے بی جے پی پر پسماندہ افراد کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا، تاہم اس کوشش سے کانگریس کو سیاسی کامیابی نہیں ملی۔ اس کے برعکس بی جے پی نے دلتوں اور قبائلیوں کے لیے مخصوص نشستوں پر کانگریس سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں قبائلی برادری (ایس ٹی) کے امیدواروں کے لیے 76 نشستیں محفوظ ہیں۔ اس الیکشن میں بی جے پی 76 میں سے 41 سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
2018 میں یہ تعداد 19 تھی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو بی جے پی ہیڈکوارٹر (دہلی) میں اپنے خطاب میں کہاکہ گجرات میں کانگریس کی شکست میں قبائلی برادری نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ایک بار پھر مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں کانگریس کے خلاف اپنا مینڈیٹ دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ چھتیس گڑھ کی 29 ایس ٹی سیٹوں میں سے بی جے پی نے 17 پر کامیابی حاصل کی ہے، جب کہ کانگریس نے 11 پر کامیابی حاصل کی ہے۔ مدھیہ پردیش کی 47 ایس ٹی سیٹوں میں سے بی جے پی نے 24 پر کامیابی حاصل کی ہے، جب کہ کانگریس بھی 22 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔



