بین الاقوامی خبریں

سینیٹ میں بائیڈن کے حلیفوں کا اسرائیل سے فلسطینی شہری ہلاکتیں محدود کرنے کے اقدامات کا مطالبہ

امریکی امداد کی پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔

واشنگٹن، 5دسمبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) امریکی سینیٹ میں قانون سازوں نے صدر جو بائیڈن کی قومی سلامتی کی ٹیم سے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو دی جانے والی امداد کے بدلے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی دائیں بازو کی حکومت سے شہری ہلاکتیں کم سے کم کرنے سے متعلق ٹھوس اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی لی جائے۔گزشتہ ہفتے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی ختم ہونے کے بعد غزہ میں اسرائیل کی مسلسل فضائی گولہ باری جاری ہے جب کہ امریکی سینیٹ میں موجود صدر بائیڈن کے حلیف، برنی سینڈرز Sen. Bernie Sanders اور ان کے ساتھیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں شہری ہلاکتوں کو محدود کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔سینڈرز نے سینیٹ کے فلور پر کھڑے ہو کر کہا کہ امریکہ کو اس سلسلے میں اپنااثر و رسوخ استعمال کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو بنا شرائط دی جانے والی امریکی امداد کی پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔

بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے امریکی ایوان نمائندگان کو 106 ارب ڈالر کے امدادی پیکج کی منظوری کا بل بھیجا گیا ہے۔ اس امداد میں یوکرین، اسرائیل اور دیگر قومی سلامتی کی ضروریات سے متعلق اخراجات شامل ہیں۔ ایسے میں برنی سینڈرز اور ان کے ہم خیال سینیٹرز کی جانب سے شہری ہلاکتوں کو محدود کرنے کے مطالبے نے وائٹ ہاؤس سمیت اسرائیل کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کروائی ہے۔ریاست میری لینڈ سے ڈیموکریٹ پارٹی کے سینیٹر کرس وین ہولن نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کو بتایا کہ نیتن یاہو کی حکومت سے شہری ہلاکتوں کو محدود کرنے سے متعلق کہنے، اور وعدہ لینے میں فرق ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اس سلسلے میں توقعات رکھنا نہیں، نتائج دیکھنا چاہتے ہیں۔

اے پی کے مطابق ان سینیٹرز کی جانب سے مذکورہ مطالبے کے بعد وائٹ ہاؤس نے بھی پہلی بار اسرائیل سے عوامی سطح پر مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل فلسطینی شہری ہلاکتوں کو محدود کرنے کے امریکی مطالبے کو محض سننے کے بجائے، اس پر آمادگی ظاہر کرے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے بائیڈن انتظامیہ کی ہدایات پر ایک قدم یہ اٹھایا ہے کہ ایک آن لائین نقشہ جاری کیا گیا ہے جس میں شہریوں کو بتایا گیا ہے کہ وہ غزہ کے ان علاقوں سے نکل جائیں، جہاں اسرائیل حملہ کرنے والا ہے۔امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن کا کہنا ہے کہ آن لائین نقشے کے علاوہ بھی شہری ہلاکتوں کو محدود کرنے کے لیے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

امریکہ کا دعویٰ یہ بھی ہے کہ شہری ہلاکتوں کو محدود کرنے کے امریکی مطالبے کے بعد اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ حملوں میں شہری ہلاکتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے انہیں کہا ہے کہ انہیں شہریوں کی حفاظت کے لیے مزید اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں اسرائیل کی جانب سے شہریوں کو حملے سے قبل انخلا کے مطالبات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button