
سپریم کورٹ سے عتیق احمد کے بیٹے کو پیشگی ضمانت نہیں ملی
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)سپریم کورٹ نے منگل کے روز باہوبلی عتیق احمد کے بیٹے محمد عمر کو کرارہ جھٹکا دیتے ہوئے اس کی پیشگی ضمانت کی درخواست کو خارج کردیا۔ جسٹس این وی رمنا، جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس انیرودھ بوس پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے عتیق احمد کی پیشگی ضمانت کی درخواست کی سماعت کے دوران کہا کہ ہم اس درخواست کو مسترد کر رہے ہیں۔محمد عمر نے اپنےساتھیوں کے ساتھ مل کر لکھنؤ کے پراپرٹی بزنس مین موہت جیسوال کو اغوا کیا اور اسے اپنے والد عتیق احمد کے پاس دیوریا جیل میں لے گیا تھا۔
واضح رہے کہ موہت جیسوال کو جیل کی بیرک میں مارا پیٹا گیا اور 45 کروڑ روپے کے کاغذ پر زبردستی دستخط کرائے گئے تھے۔ موہت کی ایس یو وی گاڑی بھی وہاں رکھوا لی گئی تھی۔ اسی معاملے میں ، عتیق احمد کے بیٹے عمر نے پیشگی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ جسٹس رمنا نے کہا کہ جولائی 2019 میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔



