بین الاقوامی خبریں

شمالی کوریا کے سربراہ کی خواتین سے زیادہ بچے پیدا کرنے کی اپیل

خواتین سے زیادہ بچے پیدا کرنے کی اپیل

پیانگ یانگ ، 7دسمبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے ملک کی خواتین سے زیادہ بچے پیدا کرنے کی اپیل کر دی۔برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق پیانگ یانگ میں ماؤں کے لیے خصوصی منعقدہ کی گئی تقریب میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے ملک میں شرح پیدائش میں کمی کو روکنے کے لیے خواتین سے زیادہ بچے پیدا کرنے کی اپیل کی۔کم جونگ اُن کی اسی تقریب کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں جب انہوں نے ملک کی گرتی ہوئی شرح پیدائش سے نمٹنے کے لیے خواتین سے زیادہ بچے پیدا کرنے پر زور دیا تو وہ جذباتی ہوگئے اور ان کے آنکھوں سے آنسو بھی نکل آئے۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے تقریب کے دوران خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ ماؤں کے بارے میں سوچتا ہوں جب مجھے پارٹی اور ریاست کے کام سے نمٹنے میں مشکل پیش آتی ہے۔

انہوں نے ملکی طاقت کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار پر ماؤں کا شکریہ بھی ادا کیا۔اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کے اندازے کے مطابق شمالی کوریا میں 2023 تک ایک خاندان میں پیدا ہونے والے بچوں کی اوسط 1.8 رہی، جوکہ حالیہ دہائیوں کے دوران شرح پیدائش میں واضح کمی ہے۔واضح رہے کہ تقریباً ڈھائی کروڑ آبادی والے شمالی کوریاکو حالیہ کچھ دہائیوں میں خوراک کی شدید قلت کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے، جس میں 1990 کی دہائی میں مہلک قحط بھی شامل ہے۔اس سے قبل شمالی کوریا نے والدین کو ہدایت جاری کی تھی کہ وہ اپنے بچوں کے نام’Bomb’،’ Gun’ اور ‘Satellite’ جیسے حب الوطنی کی نشاندہی کرنے والے نام رکھیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button