سعودی عرب میں 2030 تک 10 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی
ریاض میں نئے امریکی سفارتخانے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
ریاض، 14دسمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز))سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ ریاض میں ایکسپو 2030 کی میزبانی کے دوران سعودی عرب روزگار کے ڈھائی لاکھ مواقع فراہم کرے گا۔خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق لیبر مارکیٹ کی بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر ایک مباحثے میں حصہ لیتے ہوئیان کا کہنا تھا کہ’سعودی عرب ایکسپو 2030 کے موقع پرایک ہزار ہوٹل کمرے مہیا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب 2019 میں سیاحت کی قومی حکمت عملی متعارف کراچکا ہے۔ اس کے تحت سیاحت سے قومی پیداوار میں تین سے دس فیصد تک اضافہ ہو گا۔ 2030 تک دس لاکھ اضافی اسامیاں پیدا کرنا ہوں گی۔ احمدالخطیب نے کہا کہ 2030 تک عالمی آبادی 8.5 ارب تک پہنچ جائے گی۔
بیشتر خدمات کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔ ان میں لیبر مارکیٹ شامل ہے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ سیا حت کا شعبہ بین الاقوامی لیبر مارکیٹ کا دس فیصد ہے۔ اس مارکیٹ سے 2019 میں 330 ملین افراد کو روزگار مل رہا تھا۔ کورونا وبا کے دوران ہوٹلوں اور فضائی کمپنیوں پر سب سے زیادہ برا اثر پڑا‘۔ ’اس شعبے کے 60 ملین افراد روزگار محروم ہوگئے۔ اب اقوام متحدہ کے ماتحت عالمی ادارے سیاحت اور سیاحتی کونسل کے مطابق کورونا سے پہلے کا دور واپس آگیا ہے جو اچھی بات ہے‘۔ان کا کہنا تھا ’سیاحت کا عالمی شعبہ لیبر مارکیٹ کے دس فیصد افراد کو ملازمت دے رہا ہے۔ مستقبل میں اس کے بڑھنے کے امکانات روشن ہیں۔
ریاض میں نئے امریکی سفارتخانے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
ریاض، 14دسمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)سعودی دارالحکومت ریاض میں امریکی سفارتخانے کی نئی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا۔ تقریب میں امریکہ اور سعودی عرب کے متعدد عہدیدار شریک ہوئے۔ ریاض کے ڈپلومیٹک زون میں امریکی سفارتخانے کی نئی عمارت 27.5 ایکڑ رقبے پر قائم ہو گی۔سفارتخانے کا ڈیزائن سعودی عرب کے روایتی طرز تعمیر اور جدید انداز پر مشتمل ہے۔سعودی نائب وزیر خارجہ ولید الخریجی نے کہا کہ ریاض میں امریکہ کا نیا سفارتخانہ دنیا بھر میں امریکہ کے بڑے سفارتخانوں میں سے ایک ہو گا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ، سعودی عرب کا دوست ملک ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان اسٹرٹیجک شراکت ہے۔
بیشتر مسائل پر فریقین کا نکتہ نظر یکساں ہے۔انہوں نے کہا ’امریکہ اور مملکت کے درمیان کچھ اختلافات بھی ہیں ،تاہم سعودی عرب اختلاف سے زیادہ ہم آہنگی والے نکات پر زیادہ توجہ مرکوز رکھتا ہے۔سوشل میڈیا پر تقریب کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے امریکی سفارتخانے نے کہا کہ یہ موقع مملکت اور امریکہ کے درمیان طویل المدتی تعلقات میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔مملکت میں امریکی سفیر مائیکل ریٹنی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیا سفارتخانہ سعودی عرب میں سب سے بڑا سفارتی کمپاؤنڈ ہوگا اور یہ امریکہ اور سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے تعلقات کی علامت ہے۔



