تلنگانہ کی خبریںسرورق

مشہور کراچی بیکری میں سلنڈر دھماکہ، 15 ملازمین زخمی، 6 کی حالت نازک

کراچی بیکری کے کچن میں رکھا ایک گیس سلنڈر اچانک پھٹ گیا۔

حیدرآباد، 14دسمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) تلنگانہ کی راجدھانی حیدر آباددکن میں جمعرات کو مشہور کراچی بیکری کے کچن میں رکھا ایک گیس سلنڈر اچانک پھٹ گیا۔ اس شدید دھماکہ میں کراچی بیکری کے 15 ملازمین زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے 6 کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ سبھی زخمی ملازمین کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں بیشتر ملازمین کا تعلق یوپی سے ہے۔حیدر آباد پولیس نے اس حادثہ کے تعلق سے بتایا کہ گیس سلنڈر میں دھماکہ شہر کے باہری علاقے میں راجندر نگر تھانہ کے تحت آنے والے گگن پہاڑ واقع کراچی بیکری کی رسوئی (باورچی خانہ) میں ہوا۔

8 زخمیوں کو کنچن باغ واقع اپولو ڈی آر ڈی او اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جبکہ 7 دیگر زخمی ملازمین کو دوسرے اسپتال بھیجا گیا ہے۔وہیں تلنگانہ کے نو منتخب وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کراچی بیکری میں ہوئے اس افسوسناک واقعہ پر اظہارِ غم کیا اور افسران کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو فوراً بہتر علاج مہیا کرایاجائے۔

ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے افسران کو زخمی مزدوروں کی ہر ممکن مدد کی ہدایت بھی دی ہے۔ افسران نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ زخمیوں میں بیشتر کا تعلق اتر پردیش سے ہے۔واضح رہے کہ کراچی بیکری تلنگانہ کے حیدر آباد میں مشہور بیکری ہے۔ مین اسٹور معظم زہی مارکیٹ میں ہے جس کی بنیاد خان چند رامنانی نے رکھی تھی۔ یہ حیدر آباد کے ساتھ ہی ملک بھر میں مقبول بیکری میں سے ایک ہے۔ یہ اپنے فروٹ بسکٹ بیر کیک کے لیے مشہور ہے۔ اب کراچی بیکری کے آؤٹ لیٹ ملک کے پانچ شہروں حیدر آباد، بنگلورو، چنئی، ممبئی اور دہلی میں بھی موجود ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button