تلنگانہ ہائیکورٹ کی نئی عمارت کیلئے راجندر نگر میں 100 ایکر اراضی کی تجویز
آئندہ ماہ سنگ بنیاد ، چیف جسٹس ہائی کورٹ الوک ارادھے کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات
حیدرآباد ۔:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) تلنگانہ ہائی کورٹ کی نئی عمارت کا آئندہ ماہ جنوری میں سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ راجندر نگر میں 100 ایکر اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے جس پر تلنگانہ ہائی کورٹ کی نئی عمارت تعمیر کی جائے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو اس سلسلہ میں ضروری انتظامات کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے آج ڈاکٹر ایم چنا ریڈی ہیومن ریسورس انسٹی ٹیوٹ میں چیف جسٹس ہائی کورٹ الوک ارادھے اور حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا۔ ہائی کورٹ کی موجودہ عمارت کی خستہ حالی کو دیکھتے ہوئے نئی عمارت کی تعمیر کی ضرورت محسوس کی گئی ہے۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ اور ہائی کورٹ کے وکلاء نے چیف منسٹر کی توجہ مبذول کرائی۔
چیف منسٹر سے خواہش کی گئی کہ نئی عمارت کیلئے راجندر نگر کے حدود میں 100 ایکر اراضی الاٹ کرتے ہوئے ضروری فنڈس منظور کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور عہدیداروںکو ضروری اقدامات کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کے نئے اضلاع میں کورٹ کامپلکس کی تعمیر کے سلسلہ میں چیف جسٹس ہائی کورٹ کی تجویز سے اتفاق کیا۔ ہائی کورٹ کی موجودہ عمارت ہیرٹیج عمارت ہے، لہذا اس کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ موجودہ عمارت کی تزئین نو کرتے ہوئے سٹی کورٹ یا دیگر عدالتوں کی عمارت کے طورپر استعمال کرنے کا چیف منسٹر نے تیقن دیا ۔ جائزہ اجلاس میں چیف سکریٹری شانتی کماری ، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری شیشادری ، حیدرآباد اور رنگا ریڈی کے ضلع کلکٹر آئی اے ایس عہدیدار نوین متل اور دوسرے شریک تھے۔



