
کے سی آر کی سیکوریٹی میں کٹوتی ، وائی زمرہ سیکوریٹی کردی گئی
کے ٹی آر ، ہریش راؤ اور سابق وزراء کو 2+2 سیکوریٹی ۔سابق ارکان اسمبلی کی سیکوریٹی برخواست
حیدرآباد /15 ڈسمبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) محکمہ پولیس نے بی آر ایس سربراہ و سابق چیف منسٹر کے سی آر کی سیکوریٹی گھٹا دی اور انہیں وائی زمرہ کی سیکوریٹی فراہم کی جارہی ہے ۔ کے ٹی آر ، ہریش راؤ و سابق وزراء کو 2+2 سیکوریٹی کی گئی ہے ۔ تمام سابق ارکان اسمبلی کی سیکوریٹی برخواست کردی گئی ۔ پولیس ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سابق چیف منسٹر کابینی رینک کے قائد اپوزیشن ہیں لہذا انہیں وائی زمرہ کی سیکوریٹی دی جارہی ہے ۔ اسمبلی کیلئے منتخب سابق وزراء کو 2+2 سیکوریٹی دی جارہی ہے ۔ بی آر ایس کانگریس اور بی جے پی ارکان اسمبلی جنہیں انتخابات میں شکست ہوئی ہے ان کی سیکوریٹی برخواست کی گئی ہے ۔
حال میں عوامی منتخب نمائندوں کی سیکوریٹی کا محکمہ انٹلی جنس نے جائزہ لیا ۔ سابق ارکان اسمبلی اور وزراء کو کسی سے کوئی خطرہ نہ ہونے کا اندازہ لگانے کے بعد ان کی سیکوریٹی برخواست کردی گئی ۔ انٹلی جنس سیکوریٹی ونگ سے گن مین کو واپس طلب کرلیا گیا ۔ سابق چیف منسٹر کو وائی زمرہ سکیوریٹی دی گئی ۔ ان کے ساتھ چار سیکوریٹی گارڈس ، اسکارٹ ، پائلٹ گاڑیاں رہینگی ۔ بی آر ایس سربراہ کی قیام گاہ پر ایک سنتری و دو سیکوریٹی گارڈ رہیں گے ۔ بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر ، سابق وزیر ہریش راؤ کے علاوہ دوسرے سابق وزراء کو 2+2 سیکوریٹی دی جارہی ہے ۔ بی جے پی رکن راجہ سنگھ اور مجلسی رکن اکبر اویسی کو ماضی میں جو سکیوریٹی تھی اس کو برقررار رکھا گیا ہے ۔



