ناگپورمیں سولر کمپنی میں دھماکہ، ۹؍مزدوروں کی المناک ہلاکت
دھماکہ سولر ایکسپلوسیو کمپنی کے کاسٹ بوسٹر پلانٹ میں پیکنگ کے دوران ہوا
ناگپور ، 17دسمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) مہاراشٹر کے ناگپور ضلع میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آگیا ۔ اتوار کو ناگپور کے بازارگاؤں گاؤں میں سولر ایکسپلوسیو کمپنی میں بڑا دھماکہ ہوا۔ اس میں 9 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔مہلوکین میں 6 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ دھماکہ سولر ایکسپلوسیو کمپنی کے کاسٹ بوسٹر پلانٹ میں پیکنگ کے دوران ہوا۔فی الحال موقع پر راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب حادثے کے بعد مقامی لوگوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق دفاعی شعبے کے لیے اسلحہ بنانے والی کمپنی سولر گروپ کے بازارگاؤں میں واقع اکنامک ایکسپلوسیوز لمیٹڈ میں اتوار کو دھماکہ ہوا۔ اس میں 9 مزدوروں کی موت ہو گئی۔جاں بحق ہونے والوں میں 6 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔ اکنامک ایکسپلوسیوز لمیٹڈ، جو سولر گروپ کے زیر انتظام ہے، دفاعی شعبے کے لیے ملک کے سب سے بڑے اسلحہ ساز اداروں میں سے ایک ہے۔ اس وقت یہاں ہندوستانی فوج اور بحریہ کے لیے مختلف ہتھیار تیار کیے جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ اس کمپنی کے ذریعے بھارت سے باہر تیس سے زائد ممالک میں ہتھیار برآمد کیے جاتے ہیں۔مشہور کاروباری ستیانارائن نووال کے ذریعہ چلائی جانے والی کمپنی کا بازارگاؤں میں تقریباً 2 ہزار ایکڑ پر پھیلا ہوا ایک بڑا یونٹ ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بازارگاؤں میں واقع کمپنی کے سی بی ایچ 2 یونٹ میں کام کرنے والے 12 میں سے 9 کارکنوں کی اتوار کو موت ہوگئی اور پلانٹ کی عمارت تباہ ہوگئی۔ریاست کے سابق وزیر داخلہ اور موجودہ ایم ایل اے انیل دیشمکھ جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ شیڈول کے مطابق بھارتی آرمی چیف جنرل منوج پانڈے اس وقت 16 اور 17 دسمبر کو ناگپور کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ توقع ہے کہ وہ واقعہ کے بعد یونٹ کا دورہ کریں گے۔اس سے قبل اگست میں اکنامک ایکسپلوسیوز کمپنی کی جانب سے فضلہ مواد کو ٹھکانے لگانے کے دوران آگ لگ گئی تھی۔ اس وقت اس کچرے کو ٹھکانے لگانے والے دو ملازمین میں سے ایک کی موت ہوگئی جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ اس واقعے کو پانچ ماہ بھی نہیں گزرے تھے کہ اتوار کو یہ بڑا دھماکہ ہوا۔



