دہلی میٹرو کے دروازے میں کپڑے پھنسنے سے خاتون کی موت
دہلی میٹرو کے دروازے کا سینسر خاتون کے لباس کی موجودگی کا پتہ لگانے میں ناکام رہا
نئی دہلی ، 17دسمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) دہلی میٹرو میں ایک خاتون کی موت کا انوکھا معاملہ سامنے آیا ہے۔ خبر یہ ہے کہ دہلی میٹرو کے دروازے میں ساڑھی اور جیکٹ پھنس جانے سے زخمی خاتون کی موت ہوگئی اور یہ خاتون کئی میٹر تک گھسیٹتی رہی۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ 14 دسمبر کو اندرلوک میٹرو اسٹیشن پر اس وقت پیش آیا ،جب خاتون اپنے بیٹے کے ساتھ نانگلوئی سے موہن نگر کی طرف سفر کر رہی تھی۔واقعے کی ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ دہلی میٹرو کے دروازے کا سینسر خاتون کے لباس کی موجودگی کا پتہ لگانے میں ناکام رہا، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
ٹرین متاثرہ کو کئی میٹر تک گھسیٹتی رہی جس کی وجہ سے وہ آخر کار پٹری پر گر گئی۔واقعہ کے بعد انہیں فوری طور پر صفدر جنگ اسپتال لے جایا گیا اور نیورو سرجری کے آئی سی یو وارڈ میں داخل کرایا گیا۔دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے ترجمان انوج دیال کے مطابق، اندرلوک میٹرو اسٹیشن پر 14 دسمبر کو ایک واقعہ پیش آیا، جہاں پہلی نظر سے ایسا لگتا ہے کہ ایک خاتون مسافر کے کپڑے ٹرین کے دروازے میں پھنس گئی، جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوگئی۔ بعد ازاں ہفتہ کو اسپتال میں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمشنر آف میٹرو ریلوے سیفٹی (سی ایم آر ایس) واقعے کی تحقیقات کریں گے۔دہلی میٹرو سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق خاتون کی شناخت رینا دیوی کے طور پر ہوئی ہے، جو کہ سنگل پیرنٹ ہیں ، اپنے دو اور 14 سال کے دو بچوں کے ساتھ نانگلوئی میں مقیم تھیں۔



