دارالحکومت دہلی میں بھی کرونا کیس، حالات پر حکومت کی گہری نظر
محکمہ صحت کے مطابق دہلی میں روزانہ اوسطاً 3-4 انفیکشن کے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں
نئی دہلی ، 27دسمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ملک کی راجدھانی دہلی میں ایک بار پھر کورونا تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد دہلی حکومت نے لوگوں کو چوکنا رہنے کو کہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دارالحکومت میں آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ بھی شروع کر دیے گئے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ منگل کو کورونا کے مزید دو نئے کیس سامنے آئے۔دہلی کے وزیر صحت سوربھ بھاردواج نے کہا کہ ہم نے دہلی میں آر ٹی پی سی آرٹیسٹنگ شروع کر دی ہے۔ روزانہ 250 سے 400 آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کل دہلی میں دو نئے مریض پائے گئے۔ اس وقت ہسپتال میں کل چار سے پانچ مریض داخل ہیں۔ ابھی تک کسی بھی مریض کی انفیکشن کی وجہ سے موت نہیں ہوئی ہے۔ان میں سے 8 مریض آکسیجن بیڈ پر ہیں۔ دہلی میں تمام کورونا مریضوں کے نمونے جینوم کی ترتیب کے لیے لیبارٹریوں میں بھیجے جا رہے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق دہلی میں روزانہ اوسطاً 3-4 انفیکشن کے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔ دہلی کے وزیر صحت سوربھ بھاردواج کا کہنا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کے انفیکشن کے ممکنہ پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ضرورت کے مطابق تمام ہسپتالوں میں بستر تیار ہیں۔ کورونا کی وبا ایک بار پھر تیزی سے پھیل رہی ہے۔ آئے روز نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔
وزارت صحت نے بدھ کو کہا کہ ہندوستان میں صرف ایک دن میں کوویڈ 19 کے 529 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انفیکشن کے فعال کیسوں کی تعداد بڑھ کر 4,093 ہو گئی ہے۔اس کے ساتھ ہی، ملک میں جے این1 کوویڈ ویرینٹ کے کل 109 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ فی الحال، کوڈ کی ذیلی شکل پھیل رہی ہے، جس کے انفیکشن پھیلنے کی شرح زیادہ ہے۔ ایسے میں خدشہ ہے کہ کرسمس اور نئے سال کی وجہ سے جنوری کے پہلے ہفتے میں نظر آنے والا اضافہ مزید تین ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس کے بعد ہی کورونا کے رجحان میں کسی تبدیلی کی امید کی جا سکتی ہے۔ تاہم حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ اندازہ لگانا ممکن نہیں کہ کورونا کی نئی ذیلی قسم آبادی میں کب تک مستحکم رہ سکتی ہے۔



