نیویارک :(ایجنسیاں)امریکی سینیٹ نے اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر کے عہدے کے لیے صدر جو بائیڈن کی منتخب کردہ امیدوار لنڈا تھامس گرین فیلڈ کی تقرری کی توثیق کر دی ہے۔ اس سے قبل ری پبلکنز کے اعتراضات ان کی تقرری میں تاخیر کا باعث تھے۔ لنڈا تھامس گرین فیلڈ کی تقرری کی توثیق کے حق میں 78 ارکان نے ووٹ دیے جب کہ 20 نے اس کی مخالفت کی۔
گرین فیلڈ کے حق میں 20 سے زیادہ جن ری پبلکن سینیٹرز نے ووٹ دیا ان میں لنزی گراہم، مٹ رومنی اور مچ مکونل شامل ہیں۔لنڈا تھامس کا تعلق ریاست لوزیانا سے ہے اور اس ریاست سے منتخب ہونے والے ری پبلکن سینیٹر بل کیسیڈی اور گرین فیلڈ بھی ان کی حمایت کرنے والوں میں شامل ہیں۔
گرین فیلڈ کی توثیق ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ ایک ہفتے سے بھی کم وقت بعد اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی یکم مارچ سے صدارت سنبھالنے والا ہے۔
یہ صدارت ہر سال رکن ممالک میں تبدیل ہوتی ہے۔سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی نے لنڈا تھامس گرین فیلڈ کی توثیق کے لیے 27 جنوری کو ایک سماعت کا اہتمام کیا تھا۔ دونوں جماعتوں کے سینیٹروں نے محکمہ خارجہ کے لیے 35 برس تک خدمات انجام دینے والی عہدیدار سے سال 2019 میں ان کی ایک تقریر سے متعلق سخت سوالات کیے تھے۔
یہ تقریر تاریخی طور پر سیاہ فام افراد کی سونح اسٹیٹ یونیورسٹی جارجیا کے کنفوشئیس انسٹی ٹیوٹ میں منعقد ایک تقریب کے دوران کی گئی تھی۔ اس انسٹیٹیوٹ کی بنیاد چینی حکومت نے رکھی تھی اور گرین فیلڈ کے ریمارکس افریقہ میں چین اور امریکہ کی سرمایہ کاری سے متعلق تھے۔کئی سینیٹروں نے گرین فیلڈ کے چین سے متعلق نرم گوشہ رکھنے پر تنقید کی تھی۔
تاہم انہوں نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔اپنی توثیق کے لیے منعقد ہونے والی سماعت میں الزامات کا جواب دیتے ہوئے گرین فیلڈ کا کہنا تھا کہ افریقہ میں چین کے مفادات اور جال نما ترقیاتی اہداف سمیت بیجنگ کے رویے پر وہ اپنے تمام کریئر میں بات کرتی آئی ہیں۔انہوں نے سینیٹ کی فارن ریلیشن کمیٹی کے سامنے کہا کہ اْن کے خیال میں چین اقوام متحدہ میں جو کچھ کر رہا ہے وہ ان اقدار کو نقصان پہنچا رہا ہے جن پر ہم یقین رکھتے ہیں۔
ان کے بقول، چین ہماری سیکیورٹی اور لوگوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ ہمہیں اس کے خلاف کام کرنے کی ضرورت ہے۔سینیٹ کی کمیٹی نے گرین فیلڈ کی اقوامِ متحدہ میں بطور امریکی سفیر کی نامزدگی کی توثیق کے باوجود ری پبلکن سینیٹر ٹیڈ کروز چین کے بارے میں ان کے موقف سے مطمئن نہیں۔
انہوں نے کمیٹی رولز کو بروئے کار لاتے ہوئے اْن کی حتمی نامزدگی کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی مکمل ہونے تک موخر کر دیا تھا۔ تاہم منگل کو ٹیڈ کروز نے تھامس گرین فیلڈ کی مخالفت میں ووٹ دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کے والد نے تیسری جماعت میں اسکول چھوڑ دیا تھا تاکہ اپنے خاندان کی مدد کر سکیں۔خانہ جنگی کے زمانے میں بڑی ہونے والی تھامس گرین فیلڈ نے یونیورسٹی آف لوزیانا سے گریجویشن کی۔ محکمہ خارجہ کے لیے اپنے کریئر کے دوران انہوں نے ڈیموکریٹ اور ری پبلکن دونوں جماعتوں کی انتظامیہ کے لیے خدمات انجام دیں۔




