بین الاقوامی خبریں

مجھے فٹ بال پسند، رونالڈو جیسا بننا چاہتاہوں، ٹانگ سے محروم فلسطینی بچے کا خواب

میری ٹانگوں اور پیٹ میں میزائل کے ٹکڑے موجود ہیں۔

غزہ ، 28دسمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)غزہ کی پٹی میں ایک بے گھر فلسطینی بچے نے گھر پر اسرائیلی میزائل گرنے کی ہولناک تفصیلات بیان کی ہے۔ بچے نے بتایا کہ جس وقت میزائل گرا اس وقت خاندان کے افراد گھر میں موجود تھے۔ بچے محمد کامل الغلیان نے کہا ہم اسکول میں تھے اور میں نے اپنے والد کو کلاس روم کی کھڑکی سے اس وقت دیکھا جب وہ گلی میں تھے۔ میں ان کا استقبال کرنے نکلا۔ جیسے ہی ہم واپس گھر آئے، ایک میزائل ہمارے اوپر آ گرا۔بچے نے بتایا کہ اس کا باپ اور بھائی اسرائیلی بمباری میں مارے گئے۔ زخمی ہونے کے بعد میری ٹانگ کاٹ دی گئی ہے۔ محمد الکامل نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا میری ٹانگوں اور پیٹ میں میزائل کے ٹکڑے موجود ہیں۔

فلسطینی بچے نے کہا میرا خواب فٹ بال کھلاڑی بننا اور ریال میڈرڈ کو سپورٹ کرنا تھا۔محمد الکامل نے یہ بھی کہا کہ میں رونالڈو سے محبت کرتا ہوں اور میں ان جیسا بننا چاہتا ہوں ۔واضح رہے یہ کہانی ان ہزاروں المناک کہانیوں میں سے ایک ہے جس کا تجربہ غزہ کی پٹی سے حالیہ اسرائیلی جارحیت میں ہوا ہے۔ بدھ کے روز 82 ویں دن بھی اسرائیلی کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رہی۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ یہ جنگ اگلے کئی ماہ تک جاری رہ سکتی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے متعدد مرتبہ حماس کے مکمل خاتمے تک بربریت جاری رکھنے کا کہا ہے۔خیال رہے کہ اسرائیلی کی جنگی جنون کے پاداش میں اب تک 21110 فلسطینی شہید اور 54243 زخمی ہوچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button