’اِسرو‘ کا بڑا کارنامہ، فیوئل سیل تکنیک کا کیا کامیاب تجربہ
دراصل اِسرو نے جمعہ کو فیوئل سیل تکنیک کا کامیاب تجربہ کیا
نئی دہلی،5جنوری :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)اطلاع کے مطابق ہندوستانی خلائی ایجنسی ’اِسرو‘ نے آج ایک بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ دراصل اِسرو نے جمعہ کو فیوئل سیل تکنیک کا کامیاب تجربہ کیا۔ اسرو کے مستقبل کے مشن اور ڈاٹا اکٹھا کرنے کے لحاظ سے یہ فیوئل سیل تکنیک بے حد اہم ہے۔ اس تکنیک کی مدد سے ایندھن ری چارج کیا جا سکتا ہے اور اس سے کوئی اخراج بھی نہیں ہوتا۔ خلاء میں توانائی کی ضرورتوں کو پورا کرنے اور پینے کے پانی کے لیے یہ تکنیک سب سے معقول ہے۔اِسرو کے ذریعہ جمعہ کو خلاء میں 100 واٹ زمرہ کے پالیمر الیکٹرولائٹ ممبرین فیوئل سیل پر مبنی پاور سسٹم (ایف سی پی ایس) کا کامیاب تجربہ کئی معنوں میں اہمیت کا حامل ہے۔ اس تجربہ کے دوران ہائیڈروجن اور آکسیجن گیس کی مدد سے ہائی پریشر ویسل میں 180 واٹ توانائی پیدا کی گئی۔ اِسرو نے بتایا کہ فیوئل سیل تکنیک کی مدد سے ہائیڈروجن اور آکسیجن گیس سے توانائی تو پیدا کی ہی گئی، ساتھ ہی اس سے پینے کا پانی حاصل ہوا اور کوئی اخراج بھی نہیں ہوا۔



