مجربات رحیمی,پودینہ معدہ اور کئی امراض میں اکسیر
ڈاکٹر حکیم محمد فاروق اعظم حبان قاسمی رحیمی شفاخانہ بنگلور
پودینہ ذائقہ میں خوش گوار اور مرغوب خوشبو ہوتی ہے، جس کی وجہ سے مصالحہ جات اور چٹنیوں وغیرہ میں شامل کرتے ہیں، اس کے پتوں کا رنگ ہر اسیاہی مائل ہوتا ہے۔ شناخت: اس کے پتے بیضوی، کسی قدر رونگٹے دار یا تقریبا صاف ہوتے ہیں اور ان کے کنارے آری کی طرح دندانہ دار ہوتے ہیں پھول بنفشی رنگ کے ہوتے ہیں، جوشاخوں پر نکلتے ہیں۔
مقدار خوراک: ۳ گرام سے ۵ گرام تک استعمال کرنے سے ہاضمہ اور گرمی میں مفید ہے۔
فوائد:۔ کان کے کیڑوں کے لئے نیم گرم رس کی چند بوندیں ٹپکانا ، دانتوں کے درد کیلئے اس کے پتوں کا چبانا مفید ہے۔ پودینہ کو انجیر کے ہمراہ جوشاندہ کی صورت میں استعمال کرنے سے سینہ اور پھیپھڑوں کا بلغم خارج ہوتا ہے ۔ دل کی کمزوری کیلئے اس کے عرق کا استعمال مفیدہے، امراض معدہ کیلئے پودینہ مقوی تاثیر رکھتا ہے پودینہ کو شہد کے ہمراہ کھلانے سے پیٹ کے کیڑے مرجاتے ہیں۔ فیملی پلاننگ کیلئے اس کے پتوں کو پیس کر ملاپ سے پہلے اعضائے مخصوصہ زنانہ میں حمول کرنے سے حمل نہیں ٹھہرتا۔
مجربات
درد پیٹ:۔ پودینہ خشک ۳گرام، سماق، ۱۰ گرام ، نمک خوردنی ۵ گرام، مرچ سیاہ ۸ گرام، سب ادویہ کو کوٹ چھان کر پیس کر سفوف بنائیں، یہ سفوف ہاضم ، مقوی معدہ اور پیٹ کی گیس خارج کرنے کے لئے مفید ہے، خوراک ۳ گرام ہمراہ تازہ پانی دیں۔
شربت پودینہ:۔ انار کا رس جو انار کے چھلکوں کے ساتھ نچوڑا گیا ہو ایک حصہ، پودینہ سبز تازہ آدھا حصہ، چینی دونوں کے برابر، سب کو آپس میں ملا کر جوش دیں اور جھاگ اتار تے رہیں جب قوام تیار ہوجائے، تو آگ سے اتار کر رکھ لیں، یہ شربت کمزوری معدہ اور حرارت معدہ کیلئے مفید ہے۔
عرق پودینہ:۔ پودینہ کے پتے جس قدر چاہیں لے کر چھ گنا پانی کے ساتھ عرق کشید کریں خوراک ۷۵ گرام۔ مقوی معدہ ، مقوی ہاضمہ اور مقوی دل ہے۔ہچکی:۔ ست پودینہ ایک چاول، چینی دس گرام، ملا کر کھلائیں، اس سے ہچکی بند ہوگی۔
امرت دھارا کے مقابلہ کا نسخہ:۔ کافور ایک حصہ ، ست پودینہ (مینتھول) ایک حصہ ، ست اجوائن (تھائمول) آدھا حصہ، تینوں دواؤں کو ایک شیشی میں ڈال دیںا ور دھوپ میں رکھیں، تھوڑی دیر کے بعد تمام ادویات پانی کے مانند ہوجائیں گی۔بیرونی طور پر یہ دوائی سر درد، در د اعصابہ، درد دندان، درد عضلات ، درد کمر اور موچ وغیرہ کے لئے مفید ہے۔اندرونی طور پر درد معدہ ، خرابی معدہ ، پیٹ کی گیس، بدہضمی، دست، ہیضہ، طاعون وغیرہ کے لئے مفید ہے، خوراک دو بوند بتاشہ یا مصری میںملا کر دیں، دن میں تین چار بار دیں۔بیرونی مقام درد پر مل دیں، کمر درد وغیرہ کے لئے روغن گل میں ملا کرمالش کریں۔
دوائے اپھارہ:۔ سونٹھ ۵ گرام، انیسوں ۱۰ گرام ، پودینہ خشک ۱۰ گرام، نمک سیاہ ۱۰ گرام، زیرہ سفید دس گرام، سونف دس گرام، نمک لاہوری ۳۰ گرام، سب کا سفوف بنا کر رکھیں کھانا کھانے کے بعد ۳ گرام سے ۵ گرام ہمراہ تازہ پانی استعمال کریں۔
بال شربت :۔ ست پودینہ ۱۰ گرام، کافور ۲۰ گرام، شیشی میں ڈال کر اس پر کارک لگا کر چند منٹ دھوپ میں رکھیں۔سب سے پہلے نتھار آہک یعنی لائم واٹر آدھا بوتل ، عرق سونف ۲۰۰ گرام، عرق گاؤ زبان ۲۰۰ گرام، چینی سفید ۴۰۰ گرام، عرق چمتکار ۴۰ بوند۔
ترکیب:۔ پہلے ۵۰ گرام ان بجھا چونا ایک کلو صاف پانی میں حل کریں اور تین روز تر رکھیں، ہر روز دن میں تین بار ہلا دیا کریں، بعد میں نتھار کر اور چھان کر بوتل میں بھرلیں۔ آدھی بوتل لائم واٹر لے کر جملہ عرقیات اورچینی سفید ملا کر شربت تیار کرلیں، اور ٹھنڈا ہونے پر چھان کر عرق ڈال کر خوب اچھی طرح ملا کر شیشیوں میں بھر کر پیکنگ کرلیں، مفید و مجرب ہے، اور معمول مطب ہے۔
فوائد:۔ بچوں کے جملہ امراض پیلے دست اور کمزوری ہر قسم کے لئے حسب حاجت استعمال کریں۔مقدار خوراک:۔ چھ ماہ کی عمر تک ۵ بوند، ایک سال تک ۱۰ بوند، دو تین سال کے بچہ کے لئے آدھا چمچہ ہمراہ عرق سونف یا ماں کے دودھ کے ساتھ دیں۔
پودینہ سے تیار ہونیوالی ادویات
کاربالک ایسڈ ۵ گرام، کلورل ہایڈ ریٹ ۵ گرام، کریازوٹ ۵گرام، ٹنکچر آیوڈین ۵ گرام، لونگ کا تیل ۵ گرام۔
ترکیب تیاری:۔ سب کو شیشی میں ڈال کر مضبوط کارک لگا کر رکھیں ’’لوشن‘‘ تیار ہے، بجلی کی طرح اثر کرتا ہے بوقت ضرورت درد والے دانت کو پھایہ سے لگائیں فوراً آرام آجائیگا۔کلورل ہائیڈ ریٹ ، کیمفر (کافور) ینتھول (ست پودینہ) ہر ایک ۵ گرام، شیشی میں ڈال کر دھوپ میں رکھیں، جب پانی کی طرح ہوجائے، پھر یری سے دانت کے سوراخ میں لگائیں درد دانت کے لئے از حد مفید ہے اور فوراً اثر کرتی ہے۔
ورم کیلئے:۔پوٹاشیم آیوڈائیڈ ۲۵ گرین، آیوڈین ۵ گرین، آئیل منتھا پیپ ۵ بوند، گلیسرین ایک اونس، سب اجزاء کھرل میں رگڑکر گلیسرین ملادیں اور شیشی میں محفوظ رکھیں، روئی کی پھریری سے ہلکی مقدار میں دوا گلے میں لگائیں سخت سے سخت گلے، سوزش اور ورم کودور کرنے میں مفید ہے۔



