سیاہ دانے,کلونجی بے شمار فوائد کی حامل
’’کلونجی استعمال کیا کرو، اس میں موت کے سواء ہر بیماری کے لئے شفاء ہے‘‘۔
اللہ عزوجل نے جہاں بیماریاں دی ہیں وہیں شفاء بھی اُتاری ہے۔ انسان کو صحتمند و تندرست رکھنے کے طریقوں کی ابتداء حضرت آدم علیہ السلام کے زمین پر اُتارے جانے کے ساتھ ہی ہوچکی تھی اور حضرت انسان نے جڑی بوٹیوں کے ذریعہ اپنے جسم میں رونما ہونے والی منفی تبدیلیوں، زخموں وغیرہ کا علاج کرنا شروع کردیا تھا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے علاج کے جدید و عصری طریقے ایجاد ہوئے لیکن علاج و معالجہ میں جو قابل بھروسہ طریقہ علاج ہے وہ طب نبوی صلی اللہ علیہ و سلم ہے۔ طب نبوی میں آپ کو بے شمار اشیاء کے استعمال کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا۔
طب نبوی میں کلونجی یا Black Seeds کو کافی اہمیت حاصل ہے چنانچہ ہمارے آقا نبی کریم محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و سلم کی حدیث پاک کا مفہوم کچھ اس طرح ہے ’’کلونجی استعمال کیا کرو، اس میں موت کے سواء ہر بیماری کے لئے شفاء ہے‘‘۔
علماء اور اطباء کلونجی کی اہمیت و افادیت کو واضح کرنے کے لئے ترمذی کی اس حدیث کا حوالہ دیتے ہیں جس میں حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: ’’اس سیاہ دانے (کلونجی) کو ضرور استعمال کرو اس میں موت کے علاوہ ہر بیماری کی شفاء ہے‘‘۔ ہمارے پیارے آقا نبی پاک صلی اللہ علیہ و سلم جو ارشاد فرماتے ہیں وہ ہوکر رہتا ہے چنانچہ آج طب کے غیرمعمولی طور پر ترقی کے باوجود طب نبوی کے نسخوں پر دنیا بہت زیادہ توجہ مرکوز کررہی ہے۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ پیارے آقا صلی اللہ علیہ و سلم کی صرف اس ایک حدیث پاک کے ذریعہ عالم اسلام کے سائنسداں، ڈاکٹرس انسانیت کی بڑی خدمت کرسکتے ہیں۔ وہ اس بات کو یقینی بناسکتے ہیں کہ کلونجی کے ذریعہ امراض قلب، امراض دماغ، امراض گردہ، امراض پھیپھڑہ کے کامیاب علاج کرسکتے ہیں۔کلونجی کا استعمال کینسر میں بھی مفید ہے۔ کلونجی کیلشیم، فولاد، زنک، کاپر، تپیامپن، نیاسین، فاسفورس، فولک ایسڈ کا بہترین ذریعہ ہے۔ کلونجی کا تیل 150 سے زائد بیماریوں کے علاج میں فائدہ مندہے۔ خصوصاً کئی ایک جلدی، ذہنی، ہضمی نظام سے متعلق بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔
کلونجی کے تیل کے استعمال سے پیٹ میں پیدا ہونے والے کیڑے مرجاتے ہیں۔ اکثر مرد و خواتین کو قبض، گیس، پیٹ خراب ہونے اور سر درد، جوڑوں کے درد، سستی، جلد پر داغ دھبوں، دانت کھاج، کھجلی، پھنسی پھوڑوں، زخموں کے مندمل نہ ہونے، بالوں کے جھڑنے، جسمانی وزن کے تیزی سے بڑھنے وغیرہ کی شکایات رہتی ہیں، ان حالات میں ایسے مرد و خواتین کے لئے کلونجی کا تیل نعمت سے کم نہیںہے۔ کلونجی کا تیل جوش دے کر نیم گرم سر پر لگانے سے نہ صرف سر درد دور ہوجاتا ہے بلکہ بال جھڑنے یا بالوں کے گرنے کا سلسلہ بھی ختم ہوجاتا ہے۔ کلونجی کا تیل سر پر لگانے سے زکام بھی دور ہوتا ہے جبکہ دانتوں، کانوں کا درد بھی کلونجی کا تیل استعمال کرنے سے دور ہوجاتا ہے۔ اسی طرح پانی میں پسی ہوئی کلونجی کے غرارے کرنے سے دانتوں کا درد دور ہوتا ہے۔ مسوڑھے مضبوط اور سانس کی بدبو دور ہوجاتی ہے۔
بعض اطباء کے مطابق کالا نمک کلونجی میں ملاکر کھانے سے پیٹ کا درد بھی دور ہوجاتا ہے یہاں تک کہ کلونجی کا تیل کان کے درد میں بھی مفید ہے۔ قوت باہ، پیشاب کی بیماریوں، کولیسٹرول، جسمانی کمزوری، فالج، خواتین میں دودھ کی کمی، معدے کی تمام بیماریوں میں بھی بہت مفید کا ہے۔ رات میں سوتے وقت آدھا چمچ کلونجی کے تیل کو دودھ میں ملاکر پینے سے سانس کی نالی کا بلغم صاف ہوجاتا ہے۔
کلونجی کے تیل کا استعمال قوتِ حافظہ میں اضافہ کرتا ہے۔ موٹاپا کو دور کرتا ہے۔ چونکہ کلونجی ایک مؤثر ANTI OXIDANT ہے اس لئے انسانی جسم کو بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے۔
غرض کلونجی اور کلونجی کے تیل کے استعمال سے جسم میں پائے جانے والے نقصاندہ بیکٹریا اور وائرسوں کا خاتمہ ہوتا ہے۔ جریان، احتلام، سرعت انزال اور پیشاب کے قطروں کا بھی خاتمہ ہوتا ہے۔ کلونجی کی ایک خاصیت یہ ہے کہ یہ گرم مزاج اور سرد مزاج دونوں طرح کے مریضوں کے لئے فائدہ بخش ہے۔
کلونجی کے تیل سے قوتِ مدافعت یا مدافعتی نظام بھی مضبوط ہوتا ہے۔ کلونجی کا تیل خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے۔ جلد کو چمکدار اور داغوں سے پاک کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کل خوبصورتی بڑھانے والے پراڈکٹس میں کلونجی اور کلونجی کے تیل کا بڑے پیمانے پر استعمال ہورہا ہے۔ جوڑوں کے درد میں بہت مفید ہے۔
سانس کی تکلیف میں بھی فائدہ مند مانا جاتا ہے۔ ANTI CARCINOGENIC خوبیوں کے باعث کلونجی کا تیل کینسر کے انسداد میں بھی غیر معمولی کام کرتا ہے۔ اس میں پائے جانے والے وٹامن اے، سی، ای اور کے مدافعتی نظام جگر اور دل کو مضبوط بناتا ہے۔



