کانگریس صدر کھرگے نے راہل گاندھی کی سیکورٹی کیلئے لکھا وزیر داخلہ کو خط
بھارت جوڑو نیائے یاترا کی سیکورٹی کے مسائل پر بات
دیس پور ، 24جنوری :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) کانگریس کی بھارت جوڑو نیائے یاترا سے آسام میں بی جے پی حکومت کے ساتھ کافی تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ گوہاٹی کے شہری علاقے میں ریلی نکالنے کی اجازت نہ ملنے پر کانگریس کارکنوں کی پولیس سے جھڑپ بھی ہوئی۔ریاست کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے کہا کہ آسام میں نیائے یاترا کے دوران عوامی املاک کو نقصان پہنچانے پر کانگریس لیڈر راہول گاندھی اور دیگر کیخلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
اب اس معاملے میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے گزشتہ دنوں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھا ہے جس میں آسام میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی اور بھارت جوڑو نیائے یاترا کی سیکورٹی کے مسائل پر بات کی گئی ہے۔کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے راہول گاندھی کی سیکورٹی کو لے کر سخت تشویش ظاہر کی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو لکھے گئے خط میں کھرگے نے گزشتہ چند دنوں میں مبینہ طور پر سنگین سیکورٹی خامیوں کا حوالہ دیا ہے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے ٹوئٹر پر کھرگے کے خط کی ایک کاپی شیئر کی ہے جس میں آسام حکومت کے ذریعہ مبینہ طور پر پیدا کردہ خوف اور دھمکی کے ماحول کے بارے میں پارٹی کے خدشات کو اجاگر کیا گیا ہے۔وزیر داخلہ کو لکھے ایک خط میں کانگریس صدر نے ان سے اس معاملے میں مداخلت کرنے اور رراہل گاندھی اور یاترا پر ان کے ساتھ جانے والوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے آسام کے وزیر اعلیٰ اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل سے اس طرح کے مزید واقعات کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی درخواست کی۔
کھرگے کے خط میں بی جے پی کارکنوں کی طرف سے گزشتہ ہفتے آسام میں داخل ہونے کے بعد سے کئی حملوں کی واقعے بتائیں گئے ہیں۔ انہوں نے کئی ایسے واقعات بھی درج کیے جہاں آسام پولیس راہل گاندھی کو مناسب سیکورٹی فراہم کرنے سے گریزاں پائی گئی، جن کے پاس زیڈ+ سیکورٹی ہے۔ اس سے پہلے بھارت جوڑو یاترا کے پہلے دور کے دوران کانگریس صدر نے راہل گاندھی کی سیکورٹی کو لے کر وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھا تھا۔



