
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 16738 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 11046914 ہوگئی ہے۔ ایک ماہ کے بعد ملک میں پندرہ ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت نے جمعرات کو یہ معلومات دی۔
جمعرات کو صبح آٹھ بجے وزارت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید138 مریضوں کی موت کے بعد مہلوکین کی مجموعی تعداد 156705 ہوگئی۔اعداد و شمار کے مطابق 29 جنوری کو ایک دن میں 18855 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور اس کے بعد سے روزانہ 15 ہزار سے بھی کم نئے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔
اسی کے ساتھ ہی 26 دن کے بعد ایک دن میں کورونا وائرس کی وجہ سے 130 سے زیادہ افراد کی موت ہوئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 10738501 افراد صحت یاب ہونے کے بعد ملک میں مریضوں کی صحت یابی کی شرح 97.21 فیصد تک بڑھ گئی ہے،
جبکہ شرح اموات 1.42 فیصد ہے۔ اس وقت ملک میں مجموعی طور پر 151708 افراد زیرعلاج ہیں جو کہ کیسوں کا 1.37 فیصد ہے۔انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے مطابق 24 فروری تک ملک میں کورونا کے 213829658 نمونوں کی جانچ ہوچکی ہے۔ ان میں سے بدھ کے روز 793383 نمونوں کی جانچ کی گئی۔



