تلنگانہ کی خبریں

آئندہ ماہ سے مزید 2 ضمانتوں پر عمل آوری : ریونت ریڈی

100 دن میں ضمانتوں پر عمل آوری کا عزم، مرکز میں بی جے پی اور تلنگانہ میں بی آر ایس کو سبق سکھایا جائے گا، پارٹی کارکنوں سے خطاب

حیدرآباد:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق 6 ضمانتوں پر 100 دن میں عمل آوری کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ فبروری کے پہلے ہفتے میں مزید 2 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر نے آج لال بہادر اسٹیڈیم میں کانگریس کے بوتھ لیول ایجنٹس کے ریاستی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے بعد کرناٹک، ہماچل پردیش اور تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آئی ہے۔ ملک میں گاندھی خاندان کی قربانیوں کی مثال کوئی اور پیش نہیں کرسکتا۔ ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لئے اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے اپنی جان نچھاور کردی۔ اُنھوں نے کہاکہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے بھی ملک کے لئے عہدوں کی قربانی دی ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین اکھنڈ بھارت کا نعرہ لگاتے ہیں لیکن جس وقت گاندھی خاندان ملک کے لئے قربانی دے رہا تھا اُس وقت نریندر مودی کہاں تھے۔ گاندھی خاندان کو رہنے کے لئے ذاتی گھر نہیں ہے لیکن بی جے پی حکومت اِس خاندان پر کرپشن کا الزام عائد کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ میں حکومت کو 50 دن بھی نہیں گزرے لیکن اپوزیشن نے تنقیدوں کا آغاز کردیا ہے۔ حلف برداری کے دو دن بعد 2 ضمانتوں پر عمل آوری شروع کردی گئی۔ آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت سے تاحال 10 کروڑ سے زائد خواتین نے استفادہ کیا ہے۔ آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت فبروری کے پہلے ہفتہ میں مزید 2 وعدوں پر عمل کرے گی۔

بی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ 3650 دن حکومت کرتے ہوئے ریاست کو بحران سے دوچار کردیا ہے۔ تلنگانہ کو قرض میں ڈبودیا گیا اور سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا موقف نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ فبروری کے اواخر تک ریاست کے 63 لاکھ کسانوں کے بینک اکاؤنٹ میں رعیتو بھروسہ امدادی رقم منتقل کردی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ ہر بات پر بی آر ایس قائدین مجھے میستری سے مخاطب ہورہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ میں میستری ہوں اور آپ نے جو تباہی مچائی ہے اُس تلنگانہ کی تعمیر نو کرنے والا میستری ہوں۔

بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے ذریعہ مستقبل کو تابناک بنانے والا میستری ہوں۔ تلنگانہ کو لوٹنے والی بی آر ایس کو کنٹرول کرنے والا میستری ہوں۔ اُنھوں نے کہاکہ صرف کانگریس پارٹی ہی مرکز میں بی جے پی اور تلنگانہ میں بی آر ایس کو سبق سکھا سکتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم نے گولکنڈہ پر پرچم لہرایا ہے اور لوک سبھا چناؤ کے بعد لال قلعہ پر پرچم لہرائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہفتے میں تین دن ریونت ریڈی آپ کے درمیان رہے گا۔ بلدی انتخابات میں ہر ضلع میں بلا رنگا کو سبق سکھایا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس کو ووٹ دینا دھوکہ کھانے کے مترادف ہے۔ نریندر مودی کو شکست دینے کے لئے ہم تمام راہول گاندھی کے ساتھ ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ جلد ہی دورۂ اضلاع کا آغاز کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button