اب شرد پوار دھڑے کا نام این سی پی شردچندر پوار ہوگا
الیکشن کمیشن نے شرد پوار دھڑے کے لیے پارٹی کے نئے نام کا اعلان کر دیا ہے
نئی دہلی، 7فروری:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) الیکشن کمیشن نے شرد پوار دھڑے کے لیے پارٹی کے نئے نام کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پارٹی کا نام این سی پی شرد چندر پوار ہوگا۔ شرد پوار کے دھڑے نے بدھ (7 فروری) کو پارٹی کے لیے تین نئے نام الیکشن کمیشن کو بھیجے تھے۔ پہلا نام نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ایس، دوسرا نام نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شرد پوار اور تیسرا نام نیشنل کانگریس پارٹی شرد چندر پوار تھا۔شرد پوار دھڑے کو تین نام بھیجنے کے لیے آج شام 4 بجے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔ اگر گروپ مقررہ وقت میں تین نام دینے میں ناکام رہا تو اس کے ارکان کو آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنا پڑے گا۔ 6 فروری کو الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر حکومت میں اجیت پوار کے دھڑے کو اصلی این سی پی قرار دیا تھا۔
6 ماہ تک جاری رہنے والی 10 سماعتوں کے بعد کمیشن نے پارٹی کا نام این سی پی اور انتخابی نشان گھڑی اجیت گروپ کو دیا تھا۔ای سی نے کہا تھا کہ ایم ایل اے کی اکثریت نے اجیت دھڑے کو این سی پی کا نام اور انتخابی نشان حاصل کرنے میں مدد کی۔ بدھ کو این سی پی (اجیت پوار دھڑے) کے وکیل ابھیکلپ پرتاپ سنگھ نے سپریم کورٹ میں ایک کیویٹ داخل کیا ہے۔ اب جب کہ دوسرا گروپ (شرد پوار کا دھڑا) عدالت عظمیٰ میں اپنا نکتہ پیش کر رہا ہے، اجیت پوار دھڑے کے خلاف کوئی یکطرفہ حکم جاری نہیں کیا جانا چاہیے۔ان کی رائے سنی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے پر شرد پوار دھڑے کے سپریم کورٹ جانے پر اجیت پوار نے کہا ہے کہ ہر کسی کو انصاف مانگنے کا حق ہے۔ یہ فیصلہ ہمارے حق میں آیا ہے۔ سپریم کورٹ جائیں گے تو وکلاء کے ذریعے مناسب جواب دیں گے۔ 50 سے زیادہ ایم ایل اے، زیادہ تر ضلعی سربراہ ہمارے ساتھ ہیں۔ جمہوریت میں اکثریت کو اہمیت دی جاتی ہے۔ اس لیے الیکشن کمیشن نے ہمیں نام اور انتخابی نشان این سی پی دیا ہے۔



